فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام کے طلبہ و طالبات کے وفد نے سکیورٹی ڈویژن اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔وفد کو سکیورٹی ڈویژن کے فرائض، آپریشنل امور، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ہائی سکیورٹی زون میں سکیورٹی انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی
فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام کے طلبہ و طالبات کے وفد کا سکیورٹی ڈویژن اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام کے طلبہ و طالبات کے وفد نے سکیورٹی ڈویژن اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔وفد کو سکیورٹی ڈویژن کے فرائض، آپریشنل امور، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ہائی سکیورٹی زون میں سکیورٹی انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام کے طلبہ و طالبات کے وفد نے اسلام آباد پولیس کے سکیورٹی ڈویژن کا مطالعاتی دورہ کیا۔دورے کے دوران پولیس افسران نے وفد کو سکیورٹی ڈویژن کے مختلف شعبہ جات اور دفاتر کا دورہ کرایا اور اسلام آباد پولیس کے مرکزی نظام، دفاتر کی ورکنگ، کمیونٹی پولیسنگ، پٹرولنگ اور ناکہ جات کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر وفد کو سی سی ٹی وی کنٹرول روم، مختلف دفاتر، پولیس میس، اصطبل اور ڈپلومیٹک انکلیو کا بھی دورہ کروایا گیا۔وفد کو شہر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے نظام، ان کی موثر مانیٹرنگ اور جرائم کی روک تھام میں کردار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس کے علاوہ ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات، غیر ملکی وفود، ہائی سکیورٹی زون میں واقع سفارتخانوں اور اہم سرکاری عمارات کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔پولیس افسران نے وفد کو بتایا کہ ہائی سکیورٹی زون کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم ناکہ جات سکیورٹی کے موثر نظام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ناکہ جات پر گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ کوائف کے اندراج کے ذریعے جرائم پیشہ اور مشکوک عناصر کی نشاندہی اور جرائم کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔اس موقع پر طلبہ و طالبات نے اسلام آباد پولیس کے جدید تکنیکی نظام، سکیورٹی انتظامات اور پیشہ وارانہ کارکردگی کو سراہا اور مطالعاتی دورے کو معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے پولیس افسران اور ان کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد رانا عمر فاروق نے اس موقع پر کہا کہ طلبہ و طالبات ملک کا قیمتی سرمایہ اور اسلام آباد پولیس کے سفیر ہیں۔ ملک و قوم کی ترقی کا دارومدار نوجوان نسل کی صلاحیتوں اور مثبت کردار پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کا تعلیمی اور معلوماتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا قابلِ ستائش عمل ہے، کیونکہ ایسے پروگرامز سے طلبہ کو عملی زندگی اور اداروں کی کارکردگی کو قریب سے سمجھنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔








