آئندہ 2 روز میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔
آئندہ 2 روز میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں متوقع ہیں، ترجمان پی ڈی ایم اے

مزید خبریں
لاہور۔4ستمبر (اے پی پی):آئندہ 2 روز میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث دریائے سندھ،جہلم،چناب، راوی کے اہم کیچمنٹ ایریاز میں پانی کے اضافے کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی، جہلم، گجرات، گوجرانولہ، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔انہوں نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے بتایا ہے کہ پنجاب کے بیشتر دریاوں میں پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے،دریائے چناب،جہلم ،راوی اور ستلج میں بھی پانی کا بہاو نارمل سطح پر ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں پانی کا بہا ونارمل ہے جبکہ دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،کالا باغ 3 لاکھ 35 ہزار اور چشمہ میں پانی کا بہاو 3 لاکھ 5 ہزار کیوسک ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نےکہا ہے کہ نالہ ڈیگ کنگرا میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم 78 فیصد بھر چکا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے شہریوں سےاپیل کی کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں،دریاوں ،نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں اور بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں دریاں ،ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔








