وزیراعلی مریم نواز شریف سے سرگودھا کے ارکان اسمبلی کی ملاقات، مزید 7 الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا اعلان

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے سرگودھا کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سرگودھا میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور فلاحی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لاہور۔4ستمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے سرگودھا کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سرگودھا میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور فلاحی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزیراعلی ہائوس کے مطابق ملاقات میں صوبائی وزیر صہیب احمد ملک، منصور اعظم، میاں سلطان رانجھا، اکرام الحق، صفدر حسین ساہی، رانا منور حسین، تیمور علی خان اور سردار عاصم شیر میکن شریک ہوئے۔ارکان صوبائی اسمبلی نے سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام اور اسے ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر وزیراعلی مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان نے سرگودھا میں الیکٹرک بس سروس کے آغاز پر بھی وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے سرگودھا کے شہریوں کو مزید 7 الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو جدید، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ارکان اسمبلی نے بتایا کہ بھلوال، بھیرہ، سلانوالی، یونیورسٹی، ڈی ایچ کیو، شاہین آباد، کوٹ مومن اور تحصیل ساہیوال کے روٹس پر الیکٹرک بس سروس سے روزانہ ہزاروں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ عوام بالخصوص خواتین اور بچوں کو آرام دہ سفری سہولت میسر آنے پر شہریوں میں اطمینان پایا جاتا ہے۔ارکان صوبائی اسمبلی نے سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کو ناقابل فراموش اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے فلاحی اور عوام دوست منصوبوں کو پاکستان ہی نہیں بلکہ بیرون ملک بھی سراہا جا رہا ہے۔ملاقات میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے کے لیے تجاویز اور سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے عوام کے مثبت ردعمل سے وزیراعلی کو آگاہ کیا۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے علاقوں میں مثالی گائوں، ستھرا پنجاب پروگرام اور صاف پانی کے منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو الیکٹرک بسوں میں بالخصوص بچوں اور خواتین کو آرام دہ سفر کرتے دیکھ کر دلی اطمینان ہوتا ہے۔ سرگودھا سمیت پنجاب کے ہر شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، عوام کی سہولت کے لیے تمام وسائل حاضر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ہر حصے میں بلاامتیاز و تفریق ترقی نواز شریف کا ویژن ہے اور حکومت اسی ویژن کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔