تھرپارکر میں ڈینگی کیسز کی نشاندہی پر اسپرے کا کام جاری

تھرپارکر میں ڈینگی کیسز کی نشاندہی پر اسپرے کا کام جاری

تھرپارکر. 04 ستمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے بتایا ہے کہ جن علاقوں اور دیہات میں ملیریا اور ڈینگی کے کیسز سامنے آئے ہیں، وہاں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے پر مشتمل ٹیموں کو دیہات میں جا کر مریضوں کی تشخیص کرنے کے ساتھ ساتھ مچھر مار اسپرے کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

محکمہ صحت کی ٹیموں کی جانب سے گھروں کے اندر، پانی کے کھڑے ذخائر اور مچھروں کی افزائش کے مقامات پر لاروا سائیڈنگ کرکے مچھروں کے لاروے کو ختم کرنے کے اقدامات کیے گئے۔ اس کے علاوہ محکمہ صحت کے عملے نے لوگوں سے مل کر انہیں ڈینگی سے بچاؤ، پانی کے مناسب انتظام، مچھروں کی افزائش کو روکنے اور ڈینگی کی علامات کی شناخت کے حوالے سے معلومات اور رہنمائی بھی فراہم کی۔

جبکہ مقامی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ڈینگی کے کیسز کی ابتدائی شناخت اور کیسز کی بروقت رپورٹنگ کے حوالے سے بھی ہدایات دی گئی ہیں۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ڈینگی کی روک تھام کے لیے ایسی سرگرمیاں جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔

مزید خبریں