چکن گنیا کے پھیلاؤ کا فوری نوٹس، متعلقہ محکمہ صحت کو ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کی ہدایت، صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان
صوبائی وزیر صحت کا نوشہرہ میں چکن گنیا بیماری کے پھیلاؤ کی اطلاع کا نوٹس، ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت

مزید خبریں
پشاور۔ 05 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے سپین کَانڑی، زیارت کاکا صاحب، ضلع نوشہرہ میں چکن گنیا بیماری کے پھیلاؤ کی اطلاع کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نوشہرہ اور تمام متعلقہ محکمہ صحت کے افسران کو ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
ہفتہ کو صوبائی حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صوبائی وزیر صحت کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نوشہرہ فوری طور پر متاثرہ علاقے میں موجود کیٹیگری ڈی ہسپتال پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں ضروری ادویات اور ویکسینز کی دستیابی، ڈاکٹروں، نرسز اور دیگر طبی عملے کی موجودگی یقینی بنائی تاکہ علاقے کے عوام کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں بھی متاثرہ گاؤں پہنچ چکی ہیں اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پورے گاؤں میں مچھروں کے خلاف اسپرے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر ضروری ادویات بھی فراہم کر رہی ہیں جبکہ عوام کو مچھروں سے محفوظ رکھنے کےلیے مچھر دانیاں بھی تقسیم کی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں اور افواہوں یا خوف و ہراس پھیلانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ صورتحال محکمہ صحت کے مکمل کنٹرول میں ہے اور عوام کو ہر ممکن طبی و حفاظتی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر علاقے میں سامنے آنے والے کیسز کو ملیریا سمجھا گیا تھا تاہم بعد میں مکمل تشخیص اور طبی معائنے کے بعد اس بیماری کی چکن گنیا وائرس کے طور پر تشخیص ہوئی۔ صوبائی وزیر صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ علاقے میں تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور عوام کو علاج، ادویات، طبی عملے اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آنے دی جائے۔ انہوں نے صورتحال کی مسلسل نگرانی اور بیماری کے مزید پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر صحت نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پُرسکون رہیں، محکمہ صحت کی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں علاقے میں موجود ہیں اور بیماری پر قابو پانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، انشاء اللہ صورتحال پر جلد مکمل قابو پا لیا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی صحت اور حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ممکنہ وبائی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔








