وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری کا پاک سیکرٹریٹ میں مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پاک سیکرٹریٹ کے آر بلاک میں مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پاک سیکرٹریٹ کے آر بلاک میں مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔ اتوار کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے درخت لگانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہرے بھرے مقامات میں اضافہ اور آئندہ نسلوں کے لیے صحت مند مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں، شجر کاری مہم مون سون کے موسم کے دوران اسلام آباد میں سر سبز ماحول میں اضافہ کی جاری کوششوں کے طور پر شروع کی گئی ہے۔

طلال چوہدری نے فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم نہ صرف تعلیمی اور فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے بلکہ ماحولیاتی بہتری کے لیے عملی اقدامات کے ذریعے بھی اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ درخت لگانا اسلام آباد کے گرین کوریڈور کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں درختوں کی تعداد میں اضافہ ایک اہم ترجیح ہے، حکومت مسلسل شجرکاری مہم کے ذریعے ماحولیاتی حالات کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

سینیٹر طلال چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ نئے پودے لگانے کے ساتھ ساتھ موجودہ درختوں کی حفاظت پر بھی یکساں توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل مدتی ماحولیاتی فوائد اور پائیدار شہری ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پہلے سے قائم درختوں کی دیکھ بھال ضروری ہے۔وزیر مملکت نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی پیشرفت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 2026 میں اب تک اسلام آباد میں ایک لاکھ سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ہریالی بڑھانے اور شہر کے ماحولیاتی منظر نامے کو بہتر بنانے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔شجر کاری کی کوششوں کی وسیع تر اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ درختوں نے ماحولیات کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے شہریوں، تنظیموں اور اداروں پر زور دیا کہ وہ شجر کاری کی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور ماحولیاتی تحفظ میں اپنا حصہ ڈالیں۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ سرسبز و شاداب پاکستان کا مقصد صرف اجتماعی شرکت سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں شجرکاری کو فروغ دینے اور دیرپا ماحولیاتی فوائد کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی اداروں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور عوام کے درمیان مسلسل تعاون پر زور دیا۔تقریب میں فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے عہدیداروں، نمائندوں اور شرکاء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مزید خبریں