شہدا کی قربانیاں وہ مقدس امانت ہےجس کی بنیاد پر پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی قائم ہے،محمد شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر ہم اپنے شہدا کی لازوال شجاعت، غازیوں کی بہادری اور ان کے اہلِ خانہ کے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کی قربانیاں وہ مقدس امانت ہےجس کی بنیاد پر پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی قائم ہے۔

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر ہم اپنے شہدا کی لازوال شجاعت، غازیوں کی بہادری اور ان کے اہلِ خانہ کے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کی قربانیاں وہ مقدس امانت ہےجس کی بنیاد پر پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی قائم ہے۔

اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ 1965 کے معرکوں سے لے کر معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی تک، ہماری مسلح افواج نے ثابت کیا ہے کہ 6 ستمبر کا جذبہ آج بھی پوری طرح زندہ اور ناقابلِ شکست ہے ، پوری قوم پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں اور بیٹیوں کے ساتھ فخر کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم امن کے لیے ہمارا عزم کسی صورت ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہمارے پاس اپنے وطن کے چپے چپے کے دفاع اور ہر قسم کی دہشت گردی و جارحیت کو فیصلہ کن شکست دینے کا عزم اور صلاحیت دونوں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئیے اپنے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایسا پاکستان تشکیل دیں جو متحد، پُرامن، معاشی طور پر مضبوط اور قائدِاعظم کے اصولوں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط پر کاربند ہو۔اللہ تعالیٰ ہمارے شہدا کے درجات بلند فرمائے اور ہمارے پیارے وطن پاکستان کو ہمیشہ اپنی حفاظت میں رکھے۔

مزید خبریں