وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد سے اہم اجلاس ہوا جس میں پٹرولیم لیوی اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں سمیت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے مختلف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، بلال اظہر …
وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد سے اہم اجلاس

مزید خبریں
لاہور۔7ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد سے اہم اجلاس ہوا جس میں پٹرولیم لیوی اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں سمیت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے مختلف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، بلال اظہر کیانی سمیت متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ لاہور میں ہونے والی ملاقات میں یہ طے پایا تھا کہ اسلام آباد میں پٹرولیم لیوی کے معاملے پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ ہم سب کو عوام کا مفاد عزیز ہے، حکومت عوام پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی۔ عوام کو کسی بھی طرح ریلیف مل سکے تو ہمیں خود بہت خوشی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے تعلقات میں بہتری کے باعث پٹرول کی قیمتوں میں کمی آئی تاہم کشیدگی کے بعد عالمی صورتحال کے باعث حکومت کو مجبوراً قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔
احسن اقبال نے کہا کہ جماعت اسلامی کی پٹرولیم لیوی سے متعلق ورکنگ کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد کیا گیا ہے۔ ہماری کچھ قومی معاشی حقیقتیں ہیں جن سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پالیسی ریٹ حکومت طے نہیں کرتی بلکہ سٹیٹ بینک اس معاملے میں خودمختار ہے۔ سٹیٹ بینک کا باقاعدہ پالیسی بورڈ افراط زر کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی ریٹ کا فیصلہ کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تجاویز مختلف وزارتوں سے متعلق ہیں، ان وزارتوں سے رائے لی جائے گی۔ متعلقہ اداروں سے فیڈ بیک حاصل کرنے کے بعد تین روز میں مذاکرات کا دوسرا دور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش ہے کہ معاشی بحالی کے ثمرات عوام تک پہنچیں اور انہیں ریلیف ملے۔ حکومت قابل عمل تجاویز کا خیرمقدم کرے گی جبکہ جو تجاویز قابل عمل نہیں ہوں گی، ان کے بارے میں وضاحت پیش کی جائے گی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا بڑا پن ہے کہ اس نے ہر ایشو پر مذاکرات کا راستہ کھلا رکھا۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ مذاکرات ہی آخری حل ہیں، حکومت بھی جانتی ہے کہ احتجاج کوئی حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ مذاکرات کو پہلی ترجیح دی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ بجلی، گیس اور پٹرول مہنگا ہونے سے عوام میں مایوسی بڑھتی جارہی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ ہم آئی ایم ایف کے شکنجے میں پھنسے ہوئے ہیں اور بہت سے فیصلے حکومت کی مجبوری ہیں۔







