نوشہرہ ورکاں، بینک سے پینشن لیکر گھر جاتی خاتون سے 40 ہزار نقدی چھیننے والا راہزن گرفتار

نوشہرہ ورکاں بینک سے پینشن کی رقم لیکر گھر جاتی معمر خاتون سے 40 ہزار نقدی چھین کر فرار ہونے والا راہزن شہریوں کی بیدار مغزی کے باعث اپنے انجام کو پہنچ گیا۔

نوشہرہ ورکاں ۔ 08 ستمبر (اے پی پی):نوشہرہ ورکاں بینک سے پینشن کی رقم لیکر گھر جاتی معمر خاتون سے 40 ہزار نقدی چھین کر فرار ہونے والا راہزن شہریوں کی بیدار مغزی کے باعث اپنے انجام کو پہنچ گیا۔

بتایا گیا ہے کہ نوشہرہ روڈ گوجرانوالہ کا رہائشی ملزم رانا بلال احمد گزشتہ روز معمر خاتون سے نقدی چھین کر فرار ہو گیا تھا، آج پھر بنک کے بالمقابل اسی مقام پر واردات کی نیت سے پہنچا اور کارروائی کے بعد بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا کہ موقع پر موجود شہریوں نے ہمت و جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے رنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔شہریوں نے ملزم کو قابو کرنے کے بعد فوری طور پر 15 پر کال کر کے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ شہریوں نے ملزم کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔