جہلم،ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی شاندار خدمات کے اعتراف میں پروقار تقریب کا انعقاد

ضلعی انتظامیہ جہلم اور نجی نیوز کے اشتراک سے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی شاندار خدمات کے اعتراف میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کے تحفظ اور بروقت امداد کے لیے خدمات انجام دینے والے ریسکیو اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

جہلم۔ 08 ستمبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ جہلم اور نجی نیوز کے اشتراک سے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی شاندار خدمات کے اعتراف میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کے تحفظ اور بروقت امداد کے لیے خدمات انجام دینے والے ریسکیو اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

اس موقع پر ضلع بھر سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیو اہلکاروں میں اعزازی اسناد تقسیم کی گئیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن تھے، جنہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیو اہلکاروں میں اعزازی اسناد تقسیم کیں۔ تقریب میں چوہدری عتیق، یاسر لطیف، زاہد حسین، توصیف بیگ سمیت دیگر معروف سماجی و صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم اور دیگر معزز مہمانوں نے ریسکیو 1122 کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے حادثات، آفات اور دیگر ہنگامی حالات کے دوران اہلکاروں کے بروقت ردعمل، شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

مقررین نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار مشکل ترین حالات میں اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر انسانی خدمت اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فرائض انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے نجی نیوز کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے ریسکیو اہلکاروں کی خدمات کے اعتراف میں تقریب کے انعقاد کو قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر عوام کو بروقت ہنگامی امداد کی فراہمی، جان و مال کے تحفظ اور ریسکیو سروس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔