خیبرپختونخوا کے اضلاع کرک اور لکی مروت میں واقع فیلڈز سے تیل کی پیداوار26۔2025کے دوران تقریباً 16 فیصد جبکہ گیس کی پیداوار تقریباً 20 فیصد بڑھ گئی جس کی بڑی وجہ مکوری ڈیپ فیلڈ سے پیداوار میں نمایاں اضافہ رہا۔
کرک، لکی مروت میں 26 ۔2025کے دوران تیل کی پیداوار 16 فیصد، گیس کی پیداوار 20 فیصد بڑھ گئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے اضلاع کرک اور لکی مروت میں واقع فیلڈز سے تیل کی پیداوار26۔2025کے دوران تقریباً 16 فیصد جبکہ گیس کی پیداوار تقریباً 20 فیصد بڑھ گئی جس کی بڑی وجہ مکوری ڈیپ فیلڈ سے پیداوار میں نمایاں اضافہ رہا۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سالانہ پیداواری اعداد و شمار کے مطابق زیر جائزہ پانچ فیلڈز سے26۔2025 میں مجموعی طور پر 6.73 ملین بیرل تیل پیدا ہوا، جو25۔2024 میں 5.78 ملین بیرل تھا۔ اس طرح تیل کی پیداوار میں تقریباً 16.4 فیصد اضافہ ہوا۔گیس کی پیداوار25۔2024 کے 60,265.44 ملین مکعب فٹ سے تقریباً 19.7 فیصد بڑھ کر26۔2025 میں 72,126.32 ملین مکعب فٹ ہوگئی۔ یہ اعداد و شمار کرک اور لکی مروت میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور مول کے زیرانتظام فیلڈز کا احاطہ کرتے ہیں۔ان فیلڈز میں کرک میں واقع او جی ڈی سی ایل کا نشپا فیلڈ26۔2025 کے دوران تیل پیدا کرنے والا سب سے بڑا فیلڈ رہا، جہاں سے 3.73 ملین بیرل تیل پیدا ہوا۔ اس کی پیداوار 25۔2024 کے 3.41 ملین بیرل سے بحال ہوئی، تاہم24۔2023 میں ریکارڈ کئے گئے 3.95 ملین بیرل سے کم رہی۔کرک میں مول کا مکوری ایسٹ فیلڈ تیل پیدا کرنے والا دوسرا بڑا فیلڈ رہا، جہاں26۔ 2025 میں 1.99 ملین بیرل تیل پیدا ہوا، جو 25۔2024 میں 2.04 ملین بیرل اور 24۔2023 میں 2.75 ملین بیرل تھا۔سب سے نمایاں اضافہ کرک میں مول کے مکوری ڈیپ فیلڈ میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں تیل کی پیداوار 25۔2024 کے صرف 0.01 ملین بیرل سے بڑھ کر26۔ 2025 میں 0.77 ملین بیرل ہوگئی۔ اس فیلڈ سے24۔2023 میں 0.08 ملین بیرل تیل پیدا ہوا تھا۔لکی مروت میں او جی ڈی سی ایل کے بیٹنی فیلڈ سے 26۔ 2025 کے دوران 0.23 ملین بیرل تیل پیدا ہوا، جو ایک سال قبل 0.30 ملین بیرل اور 24۔2023 میں 0.34 ملین بیرل تھا۔ کرک میں مول کے منزلی فیلڈ سے26۔2025 میں 0.01 ملین بیرل تیل پیدا ہوا، جبکہ25۔2024 میں یہ پیداوار 0.03 ملین بیرل اور 24۔2023 میں 0.04 ملین بیرل تھی۔گیس کی پیداوار میں بھی اسی طرح کا رجحان دیکھا گیا۔ پانچوں فیلڈز میں نشپا گیس پیدا کرنے والا سب سے بڑا فیلڈ رہا، جہاں پیداوار 25 ۔2024کے 27,121.58 ملین مکعب فٹ سے بڑھ کر 26 ۔2025میں 33,152.48 ملین مکعب فٹ ہوگئی۔مکوری ایسٹ گیس پیدا کرنے والا دوسرا بڑا فیلڈ رہا، جہاں 26 ۔2025میں 25,175.41 ملین مکعب فٹ گیس پیدا ہوئی، جو 25 ۔2024کے 25,130.91 ملین مکعب فٹ سے معمولی زیادہ، تاہم 24 ۔2023کے 28,647.26 ملین مکعب فٹ سے کم تھی۔مکوری ڈیپ میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں گیس کی پیداوار25 ۔ 2024کے صرف 115.09 ملین مکعب فٹ سے بڑھ کر 26 ۔2025 میں 8,695.09 ملین مکعب فٹ ہوگئی۔ 24 ۔2023میں اس فیلڈ سے گیس کی پیداوار 912.74 ملین مکعب فٹ تھی۔دریں اثنا، بیٹنی سے گیس کی پیداوار 25 ۔2024کے 4,367.47 ملین مکعب فٹ سے کم ہو کر26 ۔ 2025 میں 3,305.05 ملین مکعب فٹ رہ گئی جبکہ منزلی کی پیداوار 3,530.40 ملین مکعب فٹ سے کم ہو کر 1,798.29 ملین مکعب فٹ ہوگئی۔سالانہ بنیاد پر نمایاں بحالی کے باوجود 26 ۔2025میں مجموعی پیداوار دو سال قبل کی سطح سے کم رہی۔ پانچوں فیلڈز سے24 ۔ 2023 میں مجموعی طور پر 7.16 ملین بیرل تیل اور 74,852.08 ملین مکعب فٹ گیس پیدا ہوئی تھی۔اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 26 ۔2025میں پیداوار کی بحالی بنیادی طور پر مکوری ڈیپ اور نشپا تک محدود رہی۔ مکوری ڈیپ میں تیل اور گیس دونوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا اور نشپا نے بھی زیادہ پیداوار ریکارڈ کی جبکہ بیٹنی اور منزلی کی پیداوار میں کمی کا سلسلہ جاری رہا۔ مکوری ایسٹ میں گیس کی پیداوار مجموعی طور پر مستحکم رہی، تاہم تیل کی پیداوار میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔








