پائیدار قومی ترقی کےلئے خواتین کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے، قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کا پاکستان ویمن لیڈرشپ اینڈ پالیسی سمٹ 2026 سے خطاب

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پائیدار قومی ترقی کےلئے خواتین کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے، پاکستان کی جمہوری طاقت، معاشی ترقی اور سماجی ہم آہنگی اس وقت تک مکمل طور پر حاصل نہیں کی جا سکتی جب تک خواتین اداروں، معیشت اور مستقبل کی تشکیل میں مساوی طور پر حصہ نہ لیں

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پائیدار قومی ترقی کےلئے خواتین کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے، پاکستان کی جمہوری طاقت، معاشی ترقی اور سماجی ہم آہنگی اس وقت تک مکمل طور پر حاصل نہیں کی جا سکتی جب تک خواتین اداروں، معیشت اور مستقبل کی تشکیل میں مساوی طور پر حصہ نہ لیں ،مالیاتی ادارے خواتین کی مالی معاونت یقینی بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں اسلام آبادچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے زیراہتمام پاکستان ویمن لیڈرشپ اینڈ پالیسی سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائم مقام صدر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور تمام شراکت داروں کو اس اہم فورم کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سمٹ دو ناگزیر قومی ترجیحات، خواتین کی قیادت اور موثر عوامی پالیسی کو یکجا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بھرپور معاشی صلاحیت بروئے کار لانے کے لئے یہ یقینی بنانا ہوگا کہ خواتین صرف ترقی سے مستفید ہونے والی نہ ہوں بلکہ کاروباری شخصیات، پیشہ ور افراد، پالیسی سازوں، جدت کاروں اور قائدین کی حیثیت سے اس کی فعال محرک بھی ہوں، کسی بھی پس منظر یا علاقے سے تعلق رکھنے والی خاتون کو تعلیم، مالی وسائل، ٹیکنالوجی، منڈیوں اور فیصلہ سازی تک مساوی رسائی حاصل ہو۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مالی معاونت براہ راست خواتین کے ہاتھوں میں پہنچانے سے گھروں کے اندر معاشی فیصلہ سازوں کے طور پر ان کے کردار کو تقویت ملی، یہ باوقار معاونت اور انحصار سے بااختیاری کی جانب تبدیلی کی نمائندگی کرتی ہے۔انہوں نے خواتین کی مساوی شرکت، تحفظ اور قیادت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا کوئی محدود سماجی فکرمندی نہیں بلکہ یہ قومی ترقی کے لیے مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ مالی وسائل تک رسائی، ڈیجیٹل شمولیت، خواتین کی زیر قیادت کاروبار، محفوظ کام کی جگہوں، قیادت کی ترقی، رہنمائی اور مضبوط مارکیٹ روابط پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک عملی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔قائم مقام صدر نے کہا کہ ہمیں مل کر ایسا ماحول تشکیل دینا ہوگا جہاں کسی خاتون کے پاس کوئی کاروباری آئیڈیا ہو تو وہ اس کے لیے مالی معاونت حاصل کرسکے، ایک خاتون کاروباری شخصیت مارکیٹ تک رسائی حاصل کرسکے، اپنی قابلیت اور میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھ سکے اور صنف کی بنیاد پر عائد رکاوٹوں کے بغیر مستقبل میں قیادت کا خواب دیکھ سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ ہمیں ان خواتین کی طاقتور مثالیں فراہم کرتی ہے جنہوں نے رکاوٹیں توڑیں اور ملک کے قومی سفر کو تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے محترمہ فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی خان، بیگم شائستہ اکرام اللہ اور سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری قومی ترقی میں ہمیشہ کلیدی حیثیت رکھتی رہی ہیں۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو اس سفر میں ایک خاص تاریخی مقام حاصل ہے کیونکہ وہ مسلم اکثریتی ملک کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون تھیں۔قائم مقام صدر نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ایسی رکاوٹیں توڑیں جن پر قابو پانا طویل عرصے تک ناممکن دکھائی دیتا تھا۔ ان کی میراث آج بھی خواتین کو عوامی زندگی میں آنے، اداروں کی قیادت کرنے اور قومی فیصلہ سازی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تحریک دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مشترکہ مقصد ایسے نظام تشکیل دینا ہونا چاہیے جو رکاوٹیں دور کرکے اور مساوی مواقع یقینی بنا کرخواتین کو کامیاب ہونے کے قابل بنائیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمیں ایسی معیشت تشکیل دینا ہوگی جہاں خواتین اعتماد کے ساتھ کاروبار قائم کرسکیں، ایسی کام کی جگہیں جہاں وہ وقار کے ساتھ اپنا کردار ادا کرسکیں، ایسے ادارے جہاں وہ اختیار کے ساتھ قیادت کرسکیں اور ایسی جمہوریت جہاں خواتین کی شرکت محض علامتی نہ ہو بلکہ اس کا لازمی حصہ ہو۔انہوں نے مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ خواتین کے لیے سرمایہ تک رسائی آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔قائم مقام صدر نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو متعلقہ مہارتیں فراہم کرنا ہوں گی جبکہ نجی شعبے کو جامع اور باوقار کام کی جگہیں تشکیل دینا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ چیمبرز آف کامرس رہنمائی، روابط، مارکیٹ تک رسائی اور خواتین کی زیر قیادت کاروباروں کی معاونت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب خواتین قیادت کرتی ہیں تو خاندان خوشحال ہوتے ہیں, جب خواتین معاشی زندگی میں مکمل طور پر شریک ہوتی ہیں تو قومیں ترقی کرتی ہیں اور جب خواتین عوامی پالیسی کی تشکیل میں مدد کرتی ہیں تو جمہوریت زیادہ نمائندہ، موثر اور منصفانہ بنتی ہے۔قائم مقام صدر نے پاکستان ویمن لیڈرشپ اینڈ پالیسی سمٹ 2026 کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمایاں ارکان میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔ قائم مقام صدر کو اسلام آباد چیمبر کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی۔