صوبائی وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا کی جانب سے کھلی کچہری و پبلک ڈے، عوامی مسائل کے فوری حل کا حکم

خیبر پختونخوا کے وزیرِ اطلاعات، سائنس و ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے کوہاٹ میں ہنگو پاٹک میں اپنے حجرے پر کھلی کچہری و پبلک ڈے کا انعقاد کیا

پشاور۔ 09 ستمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیرِ اطلاعات، سائنس و ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے کوہاٹ میں ہنگو پاٹک میں اپنے حجرے پر کھلی کچہری و پبلک ڈے کا انعقاد کیا ۔جس میں مختلف سرکاری محکموں اور اداروں کے متعلقہ افسران و ذمہ داران نے شرکت کی۔ پبلک ڈے کا مقصدشہریوں کو اپنے مسائل براہِ راست صوبائی وزیر کے سامنے پیش کرنے اور متعلقہ حکام کی موجودگی میں ان کے فوری حل کی راہ ہموار کرنا تھا۔ پبلک ڈے کے دوران علاقے سے آنے والے شہریوں نے مختلف نوعیت کے مسائل، شکایات اور عوامی مشکلات صوبائی وزیر کے سامنے رکھیں۔ صوبائ وزیرشفیع جان نے شہریوں کی شکایات کو غور سے سنا اور متعلقہ محکموں کے افسران سے مسائل بارےبریفنگ لیتے ہوئے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیر اطلاعات نے اس موقع پر کہا کہ عوامی خدمت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کا اصل معیار یہی ہے کہ عام شہری کو اس کی دہلیز پر بروقت اور بلاامتیاز سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا غیر ضروری تاخیر ہر گز قابلِ قبول نہیں ہوگی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کی جانب سے پیش کئے جانے والے مسائل کو محض شکایات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ ہر درخواست اور شکایت پر مقررہ وقت کے اندر پیشرفت یقینی بنائی جائے اور عوام کو ان کے مسائل کے حل کے حوالے سے واضح جواب دیا جائے۔ صوبائی وزیر شفیع جان نے کہا کہ سرکاری افسران اور اہلکار عوام کے خادم ہیں اور انہیں اپنے فرائض پوری ذمہ داری، خلوصِ نیت، شفافیت اور احساسِ جوابدہی کے ساتھ انجام دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان براہِ راست رابطہ مضبوط بنانا مؤثر طرزِ حکمرانی کیلئے ضروری ہے جبکہ پبلک ڈے جیسے اقدامات سے شہریوں کو اپنے مسائل اعلیٰ حکام تک پہنچانے کا براہِ راست موقع ملتا ہے۔ صوبائی وزیر شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوامی مفاد، میرٹ، شفافیت اور جوابدہی کو ترجیح دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹیں دور کریں اور شہریوں کے جائز مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔

وزیر موصوف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پبلک ڈے کے دوران موصول ہونے والی شکایات اور درخواستوں پر فوری کارروائی کی جائے اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔