اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے آبنائے ہرمز کے گرد حالیہ کشیدگی میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
آبنائے ہرمز کی صورتحال میں کشیدگی پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کااظہار تشویش

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔10ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے آبنائے ہرمز کے گرد حالیہ کشیدگی میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ سیکرٹری جنرل کو گزشتہ چند روز کے دوران آبنائے ہرمز اور اس کے گرد مزید کشیدگی کی اطلاعات پر گہری تشویش ہے، جن میں تجارتی بحری جہازوں پر حملے اور بحری و توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف مزید کارروائی کی دھمکیاں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز اور اس کے گرد بحری جہازوں کی آمدورفت کے حقوق اور جہاز رانی کی آزادی کو بین الاقوامی قانون کے مطابق مکمل طور پر بحال اور برقرار رکھا جانا چاہیے۔ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ تمام متعلقہ فریقوں سے ایک بار پھر انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسے اقدامات یا بیانات سے گریز کرنے کی اپیل کرتا ہے جو پہلے سے کشیدہ صورتحال کو مزید خراب کرسکتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مزید کشیدگی کے نتیجے میں شہریوں، علاقائی استحکام، عالمی امن و سلامتی اور عالمی معیشت کے لیے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے فریقین پر زور دیا کہ وہ سفارتی ذرائع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں۔ دوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ کا سیکرٹریٹ کشیدگی میں کمی اور جامع و پائیدار حل کے لیے کی جانے والی تمام قابلِ اعتماد کوششوں کی حمایت کے لیے تیار ہے۔








