چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چائنا انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ اِن سروسز (سی آئی ایف ٹی آئی ایس) 2026 میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کر دیا گیا،جہاں پاکستانی کاروباری اداروں اور چینی کاروباری نمائندوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور خدمات کے شعبوں میں نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے شرکت کی
بیجنگ، چائنا انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ اِن سروسز میں پاکستانی پویلین کا افتتاح

مزید خبریں
بیجنگ۔10ستمبر (اے پی پی):چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چائنا انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ اِن سروسز (سی آئی ایف ٹی آئی ایس) 2026 میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کر دیا گیا،جہاں پاکستانی کاروباری اداروں اور چینی کاروباری نمائندوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور خدمات کے شعبوں میں نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے شرکت کی۔ چائنا انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ اِن سروسز 13 ستمبر تک جاری رہے گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ پاکستانی پویلین اور اس سے متعلق کاروباری سرگرمیاں پاکستان کی چین سے 21 ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری متحرک کرنے کی وسیع کوششوں کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین میں پاکستانی سفارتخانے اور چار قونصل خانوں نے زراعت، گھریلو آلات و برقی سامان، آئی ٹی و ٹیلی کام، بیٹری انرجی سٹوریج، ادویہ سازی، بائیوٹیکنالوجی اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں6بڑے بزنس ٹو بزنس (B2B) سرمایہ کاری کانفرنسز منعقد کی ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ ان چھ سرمایہ کاری کانفرنسز کے نتیجے میں اب تک 22 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وعدے حاصل ہوئے ہیں جبکہ 650 سے زائد مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان ایم او یوز میں سے تقریباً 30 فیصد معاہدوں، کنٹریکٹس، فیکٹریوں یا پلانٹس میں تبدیل ہو چکے ہیں، جن کے تحت تقریباً 7 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری عملی شکل اختیار کر چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعاون کے اگلے مرحلے میں بزنس ٹو بزنس کی بنیاد پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چین میں پاکستان چائنا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کا عمل حتمی مراحل کے قریب ہے جبکہ بیجنگ کےضلع فینگ تائی میں پاکستان چائنا کمرشل سینٹر کے قیام کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں جو پاکستانی کاروباری اداروں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ رواں سال سی آئی ایف ٹی آئی ایس میں زراعت، توانائی، انفراسٹرکچر، خدمات کی تجارت اور صحت سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دو درجن سے زیادہ پاکستانی کاروباری ادارے شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو سی آئی ایف ٹی آئی ایس کے موقع پر ایک خصوصی کاروباری کانفرنس بھی منعقد ہوگی، جس میں پاکستانی اور چینی کمپنیاں ممکنہ شراکت داری کے مواقع کا جائزہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پویلین پاکستانی کاروباری اداروں کو چینی ہم منصبوں سے جوڑنے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اور اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک شاندار آغاز ہے لیکن ابھی ایک طویل سفر باقی ہے۔ ہمیں مزید سخت محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور متعلقہ اداروں پر مسلسل تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔








