صوبے کے ڈگری کالجز میں طلبہ کی حاضری کو ڈیجیٹائز کرنے کے لیے سٹوڈنٹس ای اٹینڈنس سسٹم کا آغاز

محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے کے ڈگری کالجز میں طلبہ کی حاضری کو ڈیجیٹائز کرنے کے لیے سٹوڈنٹس ای اٹینڈنس سسٹم کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت والدین گھر بیٹھے اپنے بچوں کی حاضری کی نگرانی کرسکیں گے

پشاور۔ 10 ستمبر (اے پی پی):محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے کے ڈگری کالجز میں طلبہ کی حاضری کو ڈیجیٹائز کرنے کے لیے سٹوڈنٹس ای اٹینڈنس سسٹم کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت والدین گھر بیٹھے اپنے بچوں کی حاضری کی نگرانی کرسکیں گے۔اس سلسلے میں سٹوڈنٹس ای اٹینڈنس سسٹم کا افتتاح صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی نے گورنمنٹ ڈگری کالج پشاور میں منعقدہ تقریب میں کیا۔ تقریب میں زونگ ٹیلی کام کمپنی کے نمائندگان، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، ڈائریکٹر اعلیٰ تعلیم، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔اس موقع پر محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا اور زونگ ٹیلی کام کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے کہا کہ نئے نظام کے تحت طلبہ کی حاضری کے بارے میں والدین کو ایس ایم ایس کے ذریعے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے گا۔ والدین کو یہ بھی معلوم ہوسکے گا کہ ان کا بچہ کس کلاس میں غیر حاضر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل جاری ہے۔ محکمہ میں ای ٹرانسفر سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جبکہ صوبے کی جامعات کے لیے رینکنگ سسٹم بھی شروع کیا گیا ہے۔مینا خان آفریدی نے کہا کہ دور دراز اور مشکل علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس شروع کیا جا رہا ہے، جس سے ایسے علاقوں میں تعینات اساتذہ کو سہولت ملے گی۔صوبائی وزیر نے گورنمنٹ ڈگری کالج پشاور میں طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ ہال تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔