ایس ڈی پی آئی اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

پاکستان کے نوجوانوں کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، ماحول دوست معیشت اور روزگار کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانے کے لئے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی)اور وزیراعظم یوتھ پروگرام نے باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):پاکستان کے نوجوانوں کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، ماحول دوست معیشت اور روزگار کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانے کے لئے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی)اور وزیراعظم یوتھ پروگرام نے باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ ایس ڈی پی آئی کے جاری بیان کے مطابق پانچ سالہ اس تعاون کے تحت نوجوانوں کو جدید ہنر اور تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تحقیق، انٹرن شپ، روزگار اور سبز معیشت سے جڑے مواقع تک رسائی دینے کی کوشش کی جائے گی۔اس سلسلے میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں کی قیادت میں دونوں اداروں کے درمیان مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کئے گئے۔

ایس ڈی پی آئی کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری جبکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کی طرف سے جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر محمد علی ملک نے دستاویز پر دستخط کئے ۔اس موقع پر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کہا کہ اس تعاون سے نوجوانوں کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی منصوبہ بندی، وسائل کے بہتر استعمال اور ماحول دوست روزگار کے نئے مواقع کے بارے میں ضروری معلومات اور مہارت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی نوجوانوں کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور سبز روزگار کے شعبوں میں تحقیق کرے گا اور اپنی تحقیق،اعدادوشمار اور فنی معلومات وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ شیئر کرے گا تاکہ نوجوانوں کے لئے بہتر منصوبہ بندی کی جا سکے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ دونوں ادارے نوجوانوں کی فنی اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں بڑھانے، انہیں پائیدار ترقی کے کاموں میں شامل کرنے اور موسمیاتی تحفظ و سبز معیشت میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام تعلیم، روزگار، نوجوانوں کی شمولیت اور ماحولیات کے ذریعے اس تعاون کو عملی شکل دے گا۔نوجوانوں کی رجسٹریشن، تربیت اور مختلف پروگراموں میں شرکت کے لئے ڈیجیٹل یوتھ ہب اور ملک بھر کے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز سے بھی مدد لی جائے گی۔

دونوں اداروں نے نجی شعبے کو بھی اس تعاون میں شامل کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ،رضاکارانہ خدمات اور روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ اس کے علاوہ عطیہ دہندگان اور ترقیاتی اداروں کے تعاون سے نئے منصوبے شروع کرنے، انہیں وسعت دینے اور ان کے نتائج کا جائزہ لینے کی کوشش بھی کی جائے گی۔

ایس ڈی پی آئی کے مرکز برائے تعلیم و ترقی کا سالانہ سمر انٹرن شپ پروگرام بھی اس تعاون میں اہم کردار ادا کرے گا جس کے ذریعے نوجوانوں کو تحقیق، پالیسی سازی اور عملی کام کا تجربہ حاصل کرنے کے مواقع ملیں گے۔ دونوں اداروں نے امید ظاہر کی کہ یہ شراکت داری نوجوانوں کو بہتر ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ پاکستان کی پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی کوششوں میں ان کے کردار کو بھی مضبوط بنائے گی۔