13 شمسی توانائی کے منی گرڈ سٹیشن تکمیل کے آخری مراحل میں داخل، افتتاح آئندہ ماہ ہوگا، وزیر توانائی وبرقیات خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا کے وزیر توانائی وبرقیات نذیر احمد عباسی نے صوبے میں بجلی کی نعمت سے محروم اضلاع میں صوبائی حکومت کے جاری بعض منی مائیکر وہائیڈل سٹیشنز (پن بجلی کے چھوٹے منصوبوں) کی عدم تکمیل اور کام کی سست روی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری توانائی وبرقیات سمیت چیف ایگزیکٹو پیڈو کو معاملے کی انکوائری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں

پشاور۔ 10 ستمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر توانائی وبرقیات نذیر احمد عباسی نے صوبے میں بجلی کی نعمت سے محروم اضلاع میں صوبائی حکومت کے جاری بعض منی مائیکر وہائیڈل سٹیشنز (پن بجلی کے چھوٹے منصوبوں) کی عدم تکمیل اور کام کی سست روی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری توانائی وبرقیات سمیت چیف ایگزیکٹو پیڈو کو معاملے کی انکوائری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کے فلیگ شپ منصوبوں کے حوالے سے موصولہ عوامی شکایات پر صوبائی وزیر توانائی نے سخت نوٹس لیتے خبردار کیا ہے کہ اب آئیں،بائیں،شائیں نہیں چلے گا، جس اہلکار نے کام نہیں کیا یا کوئی بھی غفلت وبدعنوانی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع میں 13 شمسی توانائی کے منی گرڈ سٹیشن تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں جن کا افتتاح آئندہ ماہ کیا جائے گا،جس سے عوام کو گھریلو اور کمرشل بنیادوں پر سستی ترین ماحول دوست بجلی فراہم کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ توانائی وبرقیات میں توانائی کے جاری منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمد سمیت چیف ایگزیکٹو پیڈو اور محکمے کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں منی مائیکر وہائیڈل سٹیشنز کے فیزون میں مکمل ہونے والے 16 منصوبوں اور 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ 75 منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیلاب سے تباہ ہونے والے 58 منصوبوں کو بحالی پروگرام کے تحت مکمل کرلیا گیا ہےجبکہ 17 منصوبوں پر کام جاری ہے جورواں سال مکمل کرلئے جائیں گے،ان منصوبوں کو کمیونٹی بیسڈ پروگرام کے تحت مکمل کیا جارہا ہے جن پر 6 ارب روپے لاگت آئے گی اور ان سے مجموعی طور پر 29 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائیگی،اسی طرح دوسرے مرحلے میں 71منی مائیکر ومنصوبوں پرکام جاری ہے۔ صوبائی وزیر توانائی نذیر احمد عباسی نے منصوبوں پر کام کی سست روی اور عوامی شکایات پر متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹر سے استفسار کیا کہ کس کی غفلت سے سیلاب کے دوران منصوبوں کے غلط ڈیزائن کے باعث تقریباً ڈیڑھ ارب کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے محکمے کو ہدایت کی کہ عوامی فلاحی منصوبوں کے تحت ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن میں سروے کیا جائے تاکہ نئی سائیٹس کی نشاندہی پر عوام دوست منصوبے شروع کئے جائیں۔