عہدے میں ترقی کے ساتھ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے،آر پی او ملتان

ریجنل پولیس آفیسر ملتان عثمان اکرم گوندل نے کہا ہے کہ ترقی پولیس افسران کا حق ہے تاہم عہدے میں ترقی کے ساتھ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے ترقی پانے والے افسران مزید محنت

ملتان۔ 10 ستمبر (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ملتان عثمان اکرم گوندل نے کہا ہے کہ ترقی پولیس افسران کا حق ہے تاہم عہدے میں ترقی کے ساتھ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے ترقی پانے والے افسران مزید محنت، دیانتداری اور فرض شناسی سے فرائض انجام دیتے ہوئے عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملتان ریجن کے اضلاع ملتان، وہاڑی، خانیوال اور لودھراں سے انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے پولیس افسران کو بیجز لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آر پی او نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ نئے عہدے کے تقاضے احسن انداز میں پورے کرتے ہوئے محکمہ پولیس کی نیک نامی میں مزید اضافہ کریں گے۔ترقی پانے والوں میں محمد یعقوب اعوان، مظہر حسین، محمد سہیل، حسن اقبال، محمد عظیم، عمران گل نیازی، کاشف علی اور محمد نزاکت اقبال شامل ہیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی ریجنل انویسٹی گیشن برانچ حسن رضا کھاکھی بھی موجود تھے۔