ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد فواد کی صحافیوں سے گفتگو

ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد فواد نے کہا ہے کہ خطہ کے قدرتی حسن، ماحولیاتی توازن اور جنگلات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ماحول دوست اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے متعدد اہم اقدامات اٹھائے ہیں

ایبٹ آباد۔ 10 ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد فواد نے کہا ہے کہ خطہ کے قدرتی حسن، ماحولیاتی توازن اور جنگلات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ماحول دوست اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے متعدد اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ ان اقدامات کا بنیادی مقصد گلیات کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھتے ہوئے سیاحوں کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست سہولیات فراہم کرنا اور مقامی آبادی کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔جمعرات کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ایکو ٹورازم کے فروغ کے لیے مختلف منصوبوں پر عملی طور پر کام جاری ہے، جن میں الیکٹرک سائٹ سینگ کارٹس کا اجرا بھی نمایاں اقدام ہے۔ ان ماحول دوست گاڑیوں کے ذریعے سیاحتی مقامات پر ٹریفک کے دباؤ اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔جی ڈی اے کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے دوران کنکریٹ اسٹرکچرز کی تعمیر پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے پری فیبریکیٹڈ اور لکڑی کے ماحول دوست اسٹرکچرز کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس پالیسی کا مقصد گلیات کے قدرتی ماحول، جنگلات اور پہاڑی حسن کو غیر ضروری تعمیرات کے اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔ محمد فواد کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کے مطابق مستقبل میں بھی تعمیرات کے حوالے سے ایسے طریقہ کار کو فروغ دیا جائے گا جو قدرتی ماحول سے ہم آہنگ ہوں۔گلیات میں بے ہنگم اور بلند تعمیرات کی حوصلہ شکنی کے لیے جی ڈی اے نے 2020 کے بلڈنگ کنٹرول رولز میں ترامیم کرتے ہوئے نئے بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنزمتعارف کرائے ہیں۔ نئے قواعد کا مقصد گلیات کے حساس ماحولیاتی اور سیاحتی زون میں بلند عمارتوں اور ہائی رائز تعمیرات کو کنٹرول کرنا ہے تاکہ قدرتی مناظر کے سامنے غیر ضروری بلند عمارتوں کی تعمیر کو روکا جا سکے۔نئے بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز کے تحت تعمیرات کی بلندی اور حجم کو محدود کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جس سے گلیات کے قدرتی لینڈ اسکیپ، جنگلات اور سیاحتی مقامات کے حسن کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ جی ڈی اے کا مطابق ترقیاتی سرگرمیوں اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ گلیات آنے والی نسلوں کے لیے بھی اپنی قدرتی خوبصورتی برقرار رکھ سکے۔دوسری جانب گلیات کے اہم سیاحتی مقام ٹھنڈیانی کی مربوط سیاحتی ترقی کے لیے بھی اہم قدم اٹھایا گیا ہے جی ڈی اے نے انٹیگریڈ ٹورازم زون کے تحت تقریباً 400 کنال اراضی کی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کار کے ساتھ کنسیشن ایگریمنٹ پر دستخط کیے ہیں۔ منصوبہ کے تحت نجی سرمایہ کار کی جانب سے تقریباً 23 ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جبکہ اس منصوبہ سے حکومتِ خیبر پختونخوا کو تقریباً 2.5 ارب روپے کی آمدن حاصل ہونے کی توقع ہے۔ٹھنڈیانی منصوبہ کو گلیات میں جدید، منظم اور پائیدار سیاحتی ترقی کے حوالے سے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ منصوبہ کا مقصد مقامی وسائل اور قدرتی ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاحوں کے لیے بہتر سہولیات، تفریحی مواقع اور جدید سیاحتی انفراسٹرکچر فراہم کرنا ہے، جبکہ مقامی آبادی کے لیے روزگار اور معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔جی ڈی اے حکام کے مطابق گلیات میں ہونے والی تعمیرات کو اتھارٹی کے مقررہ بلڈنگ بائی لاز کے مطابق منظم کیا جا رہا ہے۔ ماضی میں بعض تعمیرات کے لیے سات فلورز تک کی اجازت موجود تھی، تاہم قدرتی حسن، ماحولیاتی تحفظ اور سیاحتی لینڈ اسکیپ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس حد کو کم کرکے پانچ منزلوں تک لایا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد گلیات کے قدرتی مناظر پر بلند عمارتوں کے منفی اثرات کو کم کرنا اور علاقہ کے مخصوص پہاڑی کردار کو برقرار رکھنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گلیات کے ماحولیاتی نظام میں قدرتی چشموں اور پانی کے ذخائر کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ان قدرتی آبی وسائل کو آلودگی سے محفوظ رکھنے نتھیاگلی میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب پر بھی کام جاری ہے۔ منصوبے کا مقصد سیوریج اور دیگر آلودہ پانی کو قدرتی آبی ذرائع میں شامل ہونے سے روکنا اور گلیات کے قدرتی چشموں، ماحول اور عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔جی ڈی اے کی جانب سے مقامی آبادی کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بھی مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ ان منصوبوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری، سیاحتی انفراسٹرکچر کی ترقی، ماحول دوست سہولیات کی فراہمی اور مقامی افراد کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ان اقدامات سے گلیات میں سیاحت کے فروغ کو صرف تعمیرات اور سیاحوں کی تعداد میں اضافے تک محدود رکھنے کے بجائے ماحول دوست، پائیدار اور ذمہ دارانہ سیاحت کے اصولوں کے تحت آگے بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اتھارٹی کا بنیادی ویژن یہ ہے کہ گلیات کی قدرتی خوبصورتی، جنگلات، پانی کے قدرتی وسائل اور منفرد ماحولیاتی شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے خطے کو ایک جدید اور بین الاقوامی معیار کے سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دی جائے۔