یونیورسٹی آف سرگودھا میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر پی ایچ ای سی کوئز مقابلہ جات کا انعقاد

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز یونیورسٹی آف سرگودھا نے پاکستان چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں پی ایچ ای سی کوئز مقابلے کا انعقاد کیا

سرگودھا۔ 10 ستمبر (اے پی پی):پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز یونیورسٹی آف سرگودھا نے پاکستان چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں پی ایچ ای سی کوئز مقابلے کا انعقاد کیا، مقابلہ دو بڑے مراحل میں منعقد کیا گیاجن میں ایک کوئز مقابلہ خصوصی طور پر یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ کے لیے تھا اور دوسرا ڈویژنل سطح کا مقابلہ ملک فیروز خان نون بزنس سکول یونیورسٹی آف سرگودھا میں منعقد ہوا جس میں پانچ جامعات کی ٹیموں نے شرکت کی۔ حصہ لینے والی جامعات میں اےجی نیازی یونیورسٹی،یونیورسٹی آف لاہور(سرگودھا کیمپس)،یونیورسٹی آف میانوالی، یونیورسٹی آف سرگودھا اورنمل یونیورسٹی شامل تھیں۔مقابلےمیں مجموعی طور پر 9 ٹیموں نے حصہ لیا۔ مقابلے نے طلبہ کو اپنی معلومات اور علمی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کیا۔ کوئز میں پاکستان-چین تعلقات، تاریخ، ثقافت ، سفارتکاری اور عصری پیش رفت کے مختلف پہلوؤں کو شامل کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائینہ سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان نے شریک ٹیموں کو خوش آمدید کہا اور نوجوانوں کو ایسی تعلیمی سرگرمیوں میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا جو پاکستان چین تعلقات کے بارے میں آگاہی کو فروغ دیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنائیں۔

مقابلے کے بعد یونیورسٹی آف سرگودھا کی ٹیم اے نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ یونیورسٹی آف سرگودھا کی ٹیم بی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اے جی نیازی یونیورسٹی کی ٹیم اے تیسری پوزیشن پر رہی۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جسکے مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس تھے۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو بامعنی تعلیمی مواقع فراہم کرنے اور پاکستان چین تعلقات کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینے کی مسلسل کاوشوں کی تعریف کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کامیاب ٹیموں میں نقدانعامات اوراسناد بھی تقسیم کیں۔مہمانِ اعزازچیئرمین تعلیمی بورڈسرگودھاعباس حیدرگوندل نے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرقیصرعباس،پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوانکے ہمراہ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین میں اسناد اور کامیاب ٹیموں میں شیلڈز تقسیم کیں۔ مقابلے کے اختتام پر وائس چانسلر نے تمام شریک جامعات،طلبہ،اُساتذہ،کمیٹی ممبران اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا گیا جن کی بدولت یہ تقریب کامیابی سے منعقد ہوئی۔ پی ایچ ای سی کوئز مقابلہ علمی عظمت ، صحت مند مقابلے اور پاکستان-چین کی پائیدار دوستی کو مزید گہرا سمجھنے کے لیے ایک قیمتی پلیٹ فارم ثابت ہوا۔