راولپنڈی پولیس نے ڈکیتی، موٹرسائیکل چوری، منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحہ اور دیگر جرائم میں ملوث 17 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے
راولپنڈی پولیس کی کارروائیاں، ڈکیتی، چوری، منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحہ اور دیگر جرائم میں ملوث 17 ملزمان گرفتار

مزید خبریں
راولپنڈی ۔10ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے ڈکیتی، موٹرسائیکل چوری، منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحہ اور دیگر جرائم میں ملوث 17 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے چھینے گئے و مسروقہ 17 موٹرسائیکل، 8 موبائل فون، 6 کلو 65 گرام چرس، نقدی، گھڑی، اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق نصیر آباد پولیس نے تین رکنی گینگ کو گرفتار کرکے چھینے گئے و مسروقہ 11 موٹرسائیکل، 5 موبائل فون، نقدی، گھڑی اور اسلحہ برآمد کیا جبکہ نیو ٹائون پولیس نے گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرکے 3 مسروقہ موٹرسائیکل، نقدی اور اسلحہ برآمد کیا۔رتہ امرال پولیس نے دو رکنی گینگ کو گرفتار کرکے 2 مسروقہ موٹرسائیکل، نقدی اور اسلحہ، صادق آباد پولیس نے دو رکنی گینگ کو گرفتار کرکے مسروقہ موٹرسائیکل، موبائل فون، نقدی اور اسلحہ جبکہ وارث خان پولیس نے گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرکے 2 مسروقہ موبائل فون برآمد کیے۔
پولیس ترجمان کے مطابق منشیات کے خلاف کارروائیوں میں نصیر آباد پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے 3 کلو 100 گرام چرس، بنی پولیس نے ایک منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ایک کلو 765 گرام چرس جبکہ ایئرپورٹ پولیس نے ایک منشیات سپلائر کو گرفتار کرکے ایک کلو 200 گرام چرس برآمد کی۔ گرفتار منشیات سپلائرز کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق تھانہ سٹی پولیس نے چیک ڈس آنر کے مقدمہ میں سال 2024 سے مطلوب اشتہاری ملزم کو ہیومین انٹیلی جنس سمیت تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے گرفتار کیا۔نیو ٹائون پولیس نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر سنیچنگ کی بوگس کال کرنے والے شخص کو بھی گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق زیرحراست شخص نے 15 پر کال کرکے اطلاع دی کہ دو افراد نے اس سے بیگ چھین لیا ہے جس میں دو موبائل فون اور نقدی موجود تھی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کیں تو فریقین کے درمیان لین دین کا معاملہ سامنے آیا جس پر بوگس کال کرنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا۔
جاتلی پولیس نےغیرقانونی اسلحہ رکھنے والے 2 افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کیا اور ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے۔








