سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے یونیورسٹی کی تین خواتین اساتذہ و محققین کو معروف میریل ولیمز فیلوشپ کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی پیشہ ورانہ اور تحقیقی پروگراموں میں خواتین محققین کی شرکت ان کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ جامعہ میں تحقیق، جدت اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں …
سندھ زرعی یونیورسٹی کی 3 خواتین محققین کو میریل ولیمز فیلوشپ مکمل کرنے پر وائس چانسلر کی مبارکباد

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 10 ستمبر (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے یونیورسٹی کی تین خواتین اساتذہ و محققین کو معروف میریل ولیمز فیلوشپ کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی پیشہ ورانہ اور تحقیقی پروگراموں میں خواتین محققین کی شرکت ان کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ جامعہ میں تحقیق، جدت اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی شعبہ ویٹرنری فزیالوجی اینڈ بایوکیمسٹری کی پروفیسر ڈاکٹر جمیلہ سومرو، شعبہ ایگرونومی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمودہ برڑو اور شعبہ سوائل سائنس کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ثائمہ کلثوم ببر نے معروف میریل ولیمز فیلوشپ کامیابی سے مکمل کرلی۔ اس موقع پر اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے تینوں خواتین محققین کو فیلوشپ کی تکمیل پر سرٹیفکیٹس پیش کیے۔وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف سیال نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی خواتین اساتذہ و محققین کو پیشہ ورانہ ترقی، تحقیق اور بین الاقوامی روابط کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ وہ زرعی تحقیق اور متعلقہ شعبوں کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بین الاقوامی پروگرام محققین کو جدید علمی تجربات، تحقیقی تعاون، معلومات کے تبادلے اور پیشہ ورانہ روابط قائم کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔میریل ولیمز فیلوشپ آسٹریلین سینٹر فار انٹرنیشنل ایگریکلچرل ریسرچ (اے سی آئی اے آر) کے تعاون سے جاری پروگرام ہے، جس کا مقصد پاکستان کی خواتین زرعی محققین میں قائدانہ صلاحیتوں، پیشہ ورانہ ترقی، تحقیقی استعداد اور پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینا ہے۔فیلوشپ کے دوران سندھ زرعی یونیورسٹی کی تینوں محققین نے پیشہ ورانہ ترقی اور قیادت سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا، جہاں انہیں اپنی تحقیقی صلاحیتیں مزید بہتر بنانے، تجربات کے تبادلے، پیشہ ورانہ روابط قائم کرنے اور مستقبل میں تحقیقی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملا۔تینوں خواتین محققین نے اپنی پیشہ ورانہ اور تحقیقی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے قیمتی مواقع فراہم کرنے پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال، اے سی آئی اے آر اور میریل ولیمز فیلوشپ پروگرام کا شکریہ ادا کیا۔








