پاک بھارت جنگ ہو یا معاشی مسئلہ چین نے ہرفورم پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، مولانا غفور حیدری

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ مسلسل جنگ کی بجائے نظام کا حصہ بن کر اپنے عقائد اور حقوق کا دفاع کیا جاسکتا ہے، پاک بھارت جنگ ہو یا کوئی بھی معاشی مسئلہ چین نے ہرفورم پر ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):جمعیت علماء اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ مسلسل جنگ کی بجائے نظام کا حصہ بن کر اپنے عقائد اور حقوق کا دفاع کیا جاسکتا ہے، پاک بھارت جنگ ہو یا کوئی بھی معاشی مسئلہ چین نے ہرفورم پر ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ جمعرات کو مسلم دنیا اور چین، تزویراتی صورتحال کے موضوع پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ چین کے نظام میں رہتے ہوئے مسلمان اپنے عقائد اور نظریات پر قائم رہ سکتے ہیں، مسلمانوں کو نظام کا حصہ بن کر اپنی کمیونٹی کے حقوق اور نمائندگی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ چین کے مسلمانوں کو انتخابی نظام میں حصہ لے کر اپنی نمائندگی یقینی بنانی چاہیے جبکہ پاکستان کے چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہمیشہ ہماری ترجیح رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سنکیانگ اور ارومچی میں تقریباً ساٹھ فیصد مسلمان رہتے ہیں، چین کے مختلف علاقوں میں مسلمانوں کی مذہبی زندگی کا مشاہدہ کیا، مساجد میں نماز اور قرآن کی تلاوت کرتے دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سنتے ہیں کہ وہاں ظلم اور جبر ہوتا ہے تاہم ہتھیار اٹھانے والوں کو ہر ریاست سختی سے کچلتی ہے، ہر ملک کے اندرونی معاملات میں ہم کچھ کہہ بھی نہیں سکتے، ہماری خواہش ہوسکتی ہے کہ حالات بہتر ہونے چاہییں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ قائد جمعیت نے چین کے مسلمانوں کو وہاں کے نظام کا حصہ بننے کا پیغام دیا، مسلمان اپنے عقائد اور نظریات پر قائم رہتے ہوئے نظام کا حصہ بن کر اپنے حقوق کا دفاع کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو انتخابی نظام میں حصہ لے کر اپنی نمائندگی یقینی بنانی چاہیے، مسلسل جنگ کے بجائے نظام کا حصہ بن کر اپنے عقائد اور حقوق کا دفاع کیا جا سکتا ہے۔ مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے اچھے تعلقات ہمیشہ ہماری ترجیح رہے ہیں، ہمارے اکابر نے پاک چین دوستی کے لیے ہمیشہ کردار ادا کیا، سی پیک میں بھی جمعیت علمائے اسلام کا کردار رہا ہے۔ مولانا ڈاکٹر تنویر احمد علوی نے کہا کہ پاک چین تعلقات ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہرے اور فولاد سے مضبوط ہیں، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔