ستمبرکولاہوتی میلہ منعقد کیا جائے گا، کونسل ممبران کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں،میئر لاڑکانہ

میئر میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور علی لہر نے کہا ہے کہ 21 ستمبر 2026ء کولاہوتی میلہ منعقد کیا جائے گا، جس کے لیے میں تمام کونسل ممبران کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں

لاڑکانہ۔ 10 ستمبر (اے پی پی):میئر میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور علی لہر نے کہا ہے کہ 21 ستمبر 2026ء کولاہوتی میلہ منعقد کیا جائے گا، جس کے لیے میں تمام کونسل ممبران کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ محفل ہوٹل، جو میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ کی ملکیت ہے، سمیت کارپوریشن کی ملکیت میں آنے والی دکانوں اور ہوٹلوں کے کرایوں میں بھی اضافہ کیا جائے گا، جبکہ کونسل ممبران کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کونسل لاڑکانہ کے تمام ممبران کے عام اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے محفل ہوٹل 70 ہزار روپے ماہانہ کرائے پر دیا تھا، تاہم تجویز ہے کہ اس کا کرایہ بڑھایا جائے تاکہ میونسپل کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ شہر کو روشن بنانے کے لیے سولر لائٹس لگائی گئی ہیں، تاہم ان کی دیکھ بھال بھی ضروری ہے۔ ایم پی اے جمیل احمد سومرو کی ہدایات کی روشنی میں ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں تاکہ سروے کرکے ہر یونین کونسل میں 80 سے 100 لائٹس لگائی جا سکیں، اور اس پر جلد از جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان لائٹس کی حفاظت بھی ضروری ہے، جبکہ اس سلسلے میں واپڈا حکام کو بھی خط لکھا جائے گا۔

شہر میں قائم جناح باغ اور دیگر پارکس کی دیکھ بھال کے لیے عملے کو بھی پابند کیا گیا ہے، جبکہ فیملی اور بچوں کی تفریح کے لیے شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں پارکس تعمیر کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ ہزاروں سال سے قائم ہے، اسے کبھی بھی تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ وفاقی وزیر کی جانب سے دئیے گئے بیان کی مذمت کرتے ہیں اور میں یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ اس سلسلے میں ایک قرارداد بھی پیش کی گئی، جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی خیر محمد شیخ نے کہا کہ بند پڑی لائٹس کو بحال کرایا جائے۔ اس سلسلے میں میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ سے کہوں گا کہ شہر کی خوبصورتی کے لیے بجلی کے نصب شدہ پولز کو اپ ڈیٹ کیا جائے تاکہ روشنی کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو۔اس موقع پر ڈپٹی میئر محمد امین شیخ نے کہا کہ اجلاس میں جن بھی معزز مہمانوں نے اپنی آراء پیش کی ہیں، ان پر عملدرآمد کرایا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں تقریباً 11 تجاویز پیش کی گئیں، جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

اجلاس میں یہ تجویز بھی پیش کی گئی کہ غریب خواتین کی مالی معاونت کی جائے اور ان کے روزگار اور گزر بسر کے لیے انہیں سلائی مشینیں فراہم کی جائیں۔تجاویز پیش کرنے والوں میں نعیم علی تنّیو، ساجد ڈومکی، شاہزیب ابڑو، آمنہ جمالی، شیر محمد لغاری، ڈاکٹر سدھام چند آہوجا اور دیگر بھی شامل تھے۔