پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر کی 20 ستمبر کو ہونے والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کے شفاف، منصفانہ اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے 20 ستمبر کو ہونے والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کے شفاف، منصفانہ اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے 20 ستمبر کو ہونے والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کے شفاف، منصفانہ اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے ایم ڈی کیٹ 2026 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں انہوں نے پی ایم اینڈ ڈی سی کی پالیسیوں اور وضع کردہ رہنما اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امتحان کی شفافیت اور ساکھ پر کسی بھی سطح پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔اجلاس میں ایم ڈی کیٹ منعقد کرنے والی جامعات کے وائس چانسلرز، متعلقہ صوبائی سیکریٹریز و محکمہ صحت کے حکام اور پی ایم اینڈ ڈی سی کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام کو بتایا گیا کہ ایم ڈی کیٹ 2026 کے لیے مجموعی طور پر 138,158 امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔ امتحان پاکستان کے 35 شہروں اور قصبوں کے علاوہ ریاض، سعودی عرب میں قائم بین الاقوامی مرکز میں بھی منعقد ہوگا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم نے ایم ڈی کیٹ کے انتہائی شفاف، منصفانہ اور منظم انداز میں انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور امتحان کی شفافیت پر کسی بھی قسم کے سمجھوتے کے لیے زیرو ٹالرنس کی ہدایت کی ہے۔اجلاس میں امتحانی مراکز پر طبی امداد، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور امیدواروں کو سہولیات کی فراہمی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ امیدواروں، بشمول آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) سے امتحان دینے والے طلبہ، کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔پی ایم اینڈ ڈی سی نے جامعات اور صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ تمام امتحانی مراکز میں مناسب نشستوں، بنیادی سہولیات، سکیورٹی انتظامات اور امیدواروں کے ساتھ آنے والے والدین یا سرپرستوں کے لیے ضروری سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔پی ایم اینڈ ڈی سی نے واضح کیا کہ ایم ڈی کیٹ کے پرچوں کے لیے یکساں ریگولیٹری معیارات کونسل کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ امتحان کے عملی انعقاد، انتظامی امور، امتحانی مراکز پر شفافیت برقرار رکھنے اور پرچوں کی رازداری و سکیورٹی یقینی بنانا متعلقہ صوبائی حکام اور جامعات کی ذمہ داری ہے۔جامعات کے وائس چانسلرز اور صوبائی حکام کے نمائندوں نے پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر کو یقین دہانی کرائی کہ تمام مقررہ تقاضے پورے کیے جائیں گے اور امتحان سے قبل تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں گے۔پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے تمام متعلقہ اداروں کو قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور ایم ڈی کیٹ کے پورے عمل کے دوران اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار، کارکردگی، شفافیت اور امتحانی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔