اساس انٹرنیشنل اسکول میں طلبہ کی شاندار تعلیمی کامیابیوں کو سراہنے اور نئی طلبہ قیادت کو ذمہ داریاں سونپنے کے لیے ایک پروقار ہائی اچیورز اینڈ انویسٹیچر تقریب کا انعقاد

اساس انٹرنیشنل اسکول میں طلبہ کی شاندار تعلیمی کامیابیوں کو سراہنے اور نئی طلبہ قیادت کو ذمہ داریاں سونپنے کے لیے ایک پروقار ہائی اچیورز اینڈ انویسٹیچر تقریب کا انعقاد

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):اساس انٹرنیشنل اسکول ایف-8 کیمپس میں طلبہ کی شاندار تعلیمی کامیابیوں کو سراہنے اور نئی طلبہ قیادت کو ذمہ داریاں سونپنے کے لیے ایک پروقار ہائی اچیورز اینڈ انویسٹیچر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں جماعت اول سے اے لیولز تک کے طلبہ کی نمایاں تعلیمی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب میں اساس انٹرنیشنل اسکول کے ڈائریکٹرز صداقت علی عباسی اور ڈاکٹر محمد ارشد ضیاء نے شرکت کی، جبکہ ڈاکٹر حافظ عزیز الرحمٰن، صدر انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب کے آغاز پر صبا مبشر، برانچ ہیڈ اساس انٹرنیشنل اسکول ایف-8 کیمپس نے معزز مہمانوں، والدین اور دیگر شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے طلبہ کی کامیابیوں پر انہیں، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تعلیمی کامیابی کے ساتھ کردار سازی، نظم و ضبط، ذمہ داری اور قیادت کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب کے دوران جماعت اول سے اے لیولز تک مختلف درجات میں بہترین تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔ طلبہ کی یہ کامیابیاں ان کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کے مسلسل تعاون کا عملی ثبوت ہیں۔تقریب کا ایک اہم حصہ انویسٹیچر تقریب تھا، جس میں منتخب طلبہ کو باقاعدہ طور پر مختلف قیادتی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ طلبہ کو سیشز سے نوازتے ہوئے انہیں قیادت، نظم و ضبط، ٹیم ورک، خدمت اور ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینے کی تلقین کی گئی۔ اس موقع کا مقصد طلبہ میں اعتماد، قائدانہ صلاحیتوں اور ادارے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے جذبے کو اجاگر کرنا تھا۔

تقریب کی ایک خصوصی اور قابلِ فخر خصوصیت اساس انکلوسیو ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (IED) کے طلبہ کی شرکت اور ان کے شاندار تعلیمی نتائج کا اعتراف تھا۔ ان طلبہ کی کامیابیوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا، جو ان کی محنت، مستقل مزاجی اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ان کی موجودگی نے تقریب کو مزید بامعنی بناتے ہوئے اساس کے شمولیت، مساوات، تنوع اور ہر طالب علم کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے عزم کو اجاگر کیا۔مہمانِ خصوصی ڈاکٹر حافظ عزیز الرحمٰن نے ہائی اچیورز اور نومنتخب طلبہ رہنماؤں کو مبارکباد پیش کی اور اساس انٹرنیشنل اسکول کی جانب سے تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ کردار سازی اور قیادت کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کو سراہا۔ انہوں نے طلبہ کو محنت، نظم و ضبط، تخلیقی سوچ اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔

تقریب میں والدین، اساتذہ، اسکول انتظامیہ اور معزز مہمانوں کی بھرپور شرکت نے اس موقع کو مزید یادگار بنا دیا۔ یہ تقریب نہ صرف طلبہ کی تعلیمی کامیابیوں کا جشن تھی بلکہ ان کے روشن مستقبل اور قائدانہ سفر کے ایک نئے باب کا آغاز بھی تھی۔اساس انٹرنیشنل اسکول ایف-8 کیمپس تعلیمی excellence، کردار سازی، قیادت اور شمولیت کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھتے ہوئے ایسے باصلاحیت، پراعتماد اور ذمہ دار نوجوان تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے جو مستقبل میں ملک و معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔