لائیو سٹاک سیکٹر کی جدید سائنسی خطوط پر استواری سے فارمرز وملکی خوشحالی وابستہ ہے، عاشق حسین کرمانی
لائیو سٹاک سیکٹر کی جدید سائنسی خطوط پر استواری سے فارمرز وملکی خوشحالی وابستہ ہے، عاشق حسین کرمانی

مزید خبریں
لاہور۔10ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر لائیوسٹاک و زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ مویشی پال حضرات کی دہلیز پر ویٹرنری سہولیات کی فراہمی ہمارا عزم اور سیکٹر کی جدید سائنسی خطوط پر استواری سے ہی فارمرز و ملک کی خوشحالی وابستہ ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ کے ہمراہ خانیوال کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر سجاد حسین،ڈائریکٹر جنرل توسیع ڈاکٹر سید ندیم بدر،ڈائریکٹر اینیمل ڈیزیز ڈائیگناسٹک اینڈ رپورٹنگ ڈاکٹر حلیمہ سعدیہ بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیر نے سول ویٹرنری ہسپتال خانیوال میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت قائم کیے گئے جدید ویٹرنری آپریشن تھیٹر کاافتتاح کیا۔ڈسٹرکٹ ڈائیگناسٹک لیبارٹری خانیوال کی نئی تعمیر ہونے والی عمارت کابھی افتتاح کیااور دستیاب تشخیصی سہولیات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے ویٹرنری آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا اور جانوروں کے لیے دستیاب جدید جراحی و طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔آپریشن تھیٹر کے قیام سے خانیوال اور گردونواح کے مویشی پال حضرات کو جانوروں کے پیچیدہ امراض اور مختلف جراحی کیسز کے علاج کے لیے درکار ضروری سہولیات مقامی سطح پر میسر آئیں گی۔
صوبائی وزیر لائیوسٹاک نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں انسانوں کےساتھ جانوروں کے حقوق کا بھی خیال رکھا جاتا ہے،حکومت پنجاب کے مویشی پال خواتین و حضرات کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سب پر عیاں ہیں،سیلاب کے دنوں میں متاثرہ علاقوں میں جانوروں تک راشن پہنچانے کے فوری انتظامات کئے گئے،جانوروں کو وبائی امراض سے محفوظ رکھنے کیلئے ویکسینیشن اور دیگر ادویات کی فوری فراہمی یقینی بنائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہر صوبائی حلقے کی سطح پر ایک ماڈل ویٹرنری ہسپتال بنایا جا رہا ہے جس میں فارمرز کو ایک ہی چھت تلے ایکسرے، الٹراسائونڈ، آپریشن تھیٹر، ویکسی نیشن اور دیگر تمام ضروری سہولیات بہم دستیاب ہو ں گی جبکہ دوسری جانب ہر ضلع میں سٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری کی سہولت موجود ہے جہاں بیمار جانوروں کے موقع پر ٹیسٹ کرنے اور مستند تشخیص کے ساتھ فوری علاج کی سہولت دی گئی ہے۔








