دہشت گرد عناصر امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کوشش میں کامیاب نہیں ہوں گے،شاہد رند

وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے مستونگ کے علاقے کانک میں پولیس چوکی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ شاہد رند نے فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سپاہی عزت اللہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا …

کوئٹہ۔ 10 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے مستونگ کے علاقے کانک میں پولیس چوکی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ شاہد رند نے فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سپاہی عزت اللہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے زخمی سپاہی نصیب اللہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا بہادری سے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں حملہ آور موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہوئے۔ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں صوبے میں امن کے قیام کے لیے ان کے عزم اور پیشہ ورانہ فرض شناسی کا مظہر ہیں۔ معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دے رہے ہیں۔

شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان کے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزدلانہ حملوں سے امن دشمن عناصر کے خلاف ریاستی عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت صوبے میں امن، استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ شاہد رند نے شہید سپاہی عزت اللہ کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل جبکہ زخمی سپاہی نصیب اللہ کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔