قائداعطم کے اقوال اور اصولوں کی رہنمائی میں پاکستان تمام چیلنجز کا اتحاد، عزم اور قوت کے ساتھ مقابلہ کرسکتا ہے، صدر آصف علی زرداری کا قائداعظم کی 78ویں برسی پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی برصغیر کے مسلمانوں کے آئینی، قانونی، مذہبی، ثقافتی اور بالخصوص انسانی حقوق کے لیے وقف کی اور بالآخر مسلمانوں کو پاکستان کے قیام کی منزل تک پہنچایا، قائداعطم کے اقوال اور اصولوں کی رہنمائی میں پاکستان تمام چیلنجز کا اتحاد، عزم …

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی برصغیر کے مسلمانوں کے آئینی، قانونی، مذہبی، ثقافتی اور بالخصوص انسانی حقوق کے لیے وقف کی اور بالآخر مسلمانوں کو پاکستان کے قیام کی منزل تک پہنچایا، قائداعطم کے اقوال اور اصولوں کی رہنمائی میں پاکستان تمام چیلنجز کا اتحاد، عزم اور قوت کے ساتھ مقابلہ کرسکتا ہے۔

قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا تصور ایک ایسے ملک کے طور پر پیش کیا گیا جہاں مسلم اکثریتی علاقوں کے مسلمان ہندو اکثریتی ریاست کے خوف کے بغیر اپنی زندگی گزار سکیں اور غیر مسلم اقلیتوں کے ساتھ ہم آہنگی اور امن سے رہیں تاکہ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے عقائد اور ایمان کے مطابق زندگی گزار سکیں، قائداعظم کے اقوال اور اعمال سے اس تصور کی بھرپور عکاسی ہوتی ہے جس کا شاندار اظہار انہوں نے پاکستان کے قیام سے صرف تین روز قبل 11 اگست کی تقریر میں بھی کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ سکیورٹی، سیاسی، سماجی، ثقافتی اور معاشی چیلنجز سے لے کر موسمیاتی ہنگامی صورتحال تک قائداعظم کی زندگی ہمارے لیے تمام مشکلات سے نمٹنے کے لیے مینارہ نور اور رہنما کا کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے ہمیں سکھایا کہ پائیدار طاقت ان اداروں سے حاصل ہوتی ہے جن پر عوام کا اعتماد ہو، آئینی تسلسل قائم ہو اور قانون کی نظر میں سب برابر ہوں، ہمارے درمیان اختلافات اور تقسیم چاہے کتنی ہی کیوں نہ ہوں، انہیں آئینی اداروں، جمہوری عمل، بات چیت اور قانون کی حکمرانی کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔صدر مملکت نے کہا کہ آج ہمیں درپیش چیلنجز سنجیدگی، محنت اور ذمہ دارانہ طرز حکمرانی کے متقاضی ہیں، نئی ٹیکنالوجیز بالخصوص مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرتے ہوئے معیشت میں اصلاحات، تنظیم نو اور اسے مضبوط بنانا ہوگا، نوجوانوں کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنا، عوامی خدمات بہتر بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ترقی کے ثمرات ملک بھر کے عوام تک پہنچیں، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بیرونی جارحیت، دہشت گردی، عسکریت پسند نظریات اور پرتشدد انتہا پسندی سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی کام جاری رکھنا ہوگا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی مسلسل کوششیں جاری رکھنی ہیں، قائداعظم کی رہنمائی میں پاکستان خطے اور دنیا بھر میں مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔صدر مملکت نے عوام بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائداعظم کی مثال سے قوت حاصل کریں اور مشکلات کا سامنا مایوسی اور ناامیدی کے بجائے حوصلے اور اعتماد کے ساتھ کریں، ہمیں ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے عزم پر قائم رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہمیں درپیش چیلنجز چاہے کتنے ہی بڑے کیوں نہ ہوں، ہم اپنے اتحاد، پختہ عزم اور قوت کے ذریعے ان پر قابو پاسکتے ہیں اور قابو پالیں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے متنوع ثقافتوں کے حامل 25 کروڑ عوام تمام رنگوں اور خوشبوئوں کے ایک بڑے خوبصورت گلدستے کی مانند ہیں، ہمیں اپنی اس تنوع کا جشن منانا چاہیے کیونکہ یہ ہماری کمزوری نہیں بلکہ ہماری بڑی طاقت ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قائداعظم محمد علی جناح کی روح کو بلند درجات عطا فرمائے اور ہمیں وہ دانش اور عزم عطا کرے جس کے ساتھ پاکستان کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے پر کیا۔

 

مزید خبریں