سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو)کے زیرانتظام چار 66 کلو وولٹ گرڈ سٹیشنز کو ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)کے 4 کروڑ ڈالر کے بجلی کے منصوبے کے تحت 132 کلو وولٹ میں اپ گریڈ کیا جائے گا
چینی کمپنی سیپکو کے چار گرڈسٹیشنز کو اپ گریڈ کرے گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو)کے زیرانتظام چار 66 کلو وولٹ گرڈ سٹیشنز کو ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)کے 4 کروڑ ڈالر کے بجلی کے منصوبے کے تحت 132 کلو وولٹ میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق منصوبے کے تحت رادھن، ٹھری میرواہ، نارا-II اور پڈعیدن میں واقع چار گرڈ سٹیشنز کو تبدیل کیا جائے گا۔ گرڈاسٹیشنز کی تبدیلی کے پیکیج جس کی شناخت SEPCO-EPC-001 کے طور پر کی گئی ہے کا ٹھیکہ چینی کمپنی میسرز جیانگ سو انکورا انٹیلی جنٹ الیکٹرک کمپنی لمیٹڈ کو دیا گیا ہے۔ معاہدے کی مالیت 11.728 ملین ڈالر کے مساوی ہے جس میں 6.612 ملین ڈالر اور 1,432.444 ملین روپے شامل ہیں۔معاہدے پر 4 فروری 2026 کو دستخط کیے گئے۔ منصوبے کی پیش رفت کی تفصیلات کے مطابق غیر ملکی کرنسی کے حصے کی پیشگی ادائیگی کر دی گئی ہےجبکہ لیٹر آف کریڈ کی کارروائی، ڈیزائن جمع کرانے اور مٹی کی جانچ سے متعلق سرگرمیاں جاری ہیں۔چاروں سٹیشنز کو 66 کلو وولٹ سے 132 کلو وولٹ میں تبدیل کرنا اے ڈی بی قرض نمبر 4567-PAK کے تحت سیپکو کی سرمایہ کاری کے ایک وسیع تر پیکیج کا حصہ ہے جس کے لیے قرض کی رقم 4 کروڑ ڈالر ہے۔دستاویز میں کئی دیگر پیکیجز بھی درج ہیں جن میں 1,200 اے پی ایم ایس یونٹس کی خریداری، 50 ہزار یونٹس پر مشتمل ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) منصوبہ اور 40 عدد 11 کلو وولٹ فیڈرز کی تقسیم شامل ہے۔پروگرام میں گرڈ سٹیشنز کے حصے کے لیے منصوبے پر عمل درآمد کی مشاورتی خدمات کے ساتھ اے ایم آئی، اے پی ایم ایس اور 11 کلو وولٹ فیڈرز کی تقسیم کے لیے علیحدہ مشاورتی خدمات بھی شامل ہیں۔








