پنجاب حکومت ڈینگی کے خاتمے کے لیے جامع اور موثر اقدامات کر رہی ہے،صوبائی وزیر صحت

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ڈینگی کے خاتمے اور شہریوں کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے جامع اور موثر اقدامات کر رہی ہے، تاہم ممکنہ پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنا ہوگا

فیصل آباد۔ 11 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ڈینگی کے خاتمے اور شہریوں کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے جامع اور موثر اقدامات کر رہی ہے، تاہم ممکنہ پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر کمشنر آفس میں انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ، ڈپٹی کمشنرز، سی ای اوز ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز، ارکان اسمبلی، مسلم لیگی رہنماؤں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پرصوبائی وزیر صحت نے ارکان اسمبلی اور مسلم لیگی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ ضلعی وتحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاسوں کی صدارت کریں تاکہ انسداد ڈینگی مہم کو موثر اور نتیجہ خیز بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ سرگرمیوں میں ہیلتھ اتھارٹی کی معاونت کے ساتھ ساتھ شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے بھی موثر اقدامات کیے جائیں اور عوام کو اپنے گھروں، گلیوں، محلوں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے کی ترغیب دی جائے۔صوبائی وزیر صحت نے سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریز سے بھی ڈینگی کے ممکنہ مریضوں کا ڈیٹا باقاعدگی سے حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ذرائع سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی بنیاد پر ڈینگی کی صورتحال کا درست اندازہ لگایا جاسکتا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں بروقت ضروری اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیٹا اکٹھا کرنے اور اس کی نگرانی کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے۔خواجہ عمران نذیر نے تعلیمی اداروں میں انسداد ڈینگی آگاہی سرگرمیوں کو بھی مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو ایسے سوالنامے دیے جائیں جن میں ان کے گھروں میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ مقامات، صفائی اور صاف ماحول برقرار رکھنے سے متعلق سوالات شامل ہوں۔ طلبہ سے سوالنامے مکمل کروا کر واپس لیے جائیں تاکہ ان میں ڈینگی سے بچاؤ کا شعور پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ احساس ذمہ داری بھی اجاگر ہو اور وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف جنگ صرف حکومتی اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس میں عوامی تعاون بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے حکومتی اداروں، منتخب نمائندوں، تعلیمی اداروں اور عوام کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ اور مربوط اقدامات کے ذریعے اس بار بھی ڈینگی کو شکست دی جائے گی اور شہریوں کو اس خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اجلاس کے دوران کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے صوبائی وزیر صحت کو ڈویژن بھر میں جاری انسداد ڈینگی سرگرمیوں، لاروا سرویلنس، ہاٹ سپاٹس کی انسپکشنز اور ڈینگی کے تدارک کے لیے کیے جانے والے دیگر اقدامات بارےتفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے فیلڈ میں سرویلنس اور انسدادی سرگرمیاں موثر انداز میں جاری ہیں جبکہ ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی اور لاروا کی بروقت تلفی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کو آئندہ سیزن میں بھی ڈینگی فری رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے پرعزم ہیں۔ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز نے اپنے اپنے اضلاع میں انسداد ڈینگی اقدامات، سرویلنس اور آگاہی مہم بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں ارکان اسمبلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کا موسم شروع ہورہا ہے، اس لیے ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور ہیلتھ اتھارٹی کی معاونت یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں میں آگاہی کے لیے فرنٹ فٹ پر موجود رہیں گے اور انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔اجلاس میں ارکان اسمبلی میاں طاہر جمیل، آزاد علی تبسم، رانا احمد شہریار، عظمیٰ جبیں راجہ، مسلم لیگی رہنما فقیر حسین ڈوگر سمیت دیگر متعلقہ افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق ڈینگی کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز میں کام جاری رکھیں گے اور ممکنہ خطرے کے پیش نظر ہاٹ سپاٹس، گھروں اور دیگر مقامات پر سرویلنس کو مزید موثر بنایا جائے گا۔