’’بی ایم ایچ 786‘‘ کوئی لائسنس یافتہ حج آرگنائزر نہیں ہے، نہ ہی اس ادارے کو کوئی حج کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے ، وزارت مذہبی امور
’’بی ایم ایچ 786‘‘ کوئی لائسنس یافتہ حج آرگنائزر نہیں ہے، نہ ہی اس ادارے کو کوئی حج کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے ، وزارت مذہبی امور

مزید خبریں
اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے آئندہ سال پرائیویٹ حج سکیم کے تحت خواہشمند افراد کو متنبہ کیا ہے کہ ’’بی ایم ایچ 786‘‘ کوئی لائسنس یافتہ حج آرگنائزر نہیں ہے اور نہ ہی اس ادارے کو کوئی حج کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے ۔
جمعہ کو وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے ایک بیان میں واضح کیا ہےکہ ’’786 BMH‘‘ لائسنس یافتہ حج آرگنائزر (منظم) نہیں ہے اور نہ ہی اسے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت کوئی حج کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔وزارت نے عازمین حج کو خبردار کیا ہے کہ وہ حج انتظامات کے نام پر مذکورہ ادارے یا کسی بھی غیر لائسنس یافتہ فرد یا کمپنی کو رقم ادا نہ کریں۔ موجودہ حج سیزن کے لائسنس یافتہ منظمین کی فہرست سرکاری حج مینجمنٹ سسٹم hajj.mora.gov.pk اور پاک حج ایپ پر دستیاب ہے۔
وزارت نے واضح کیا کہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت تمام ادائیگیاں، خواہ لائسنس یافتہ منظم کے ساتھ ہی کیوں نہ ہوں، صرف حج مینجمنٹ سسٹم (HMS) یا پاک حج ایپ کے ذریعے کی جائیں گی۔ نقد رقم یا کسی فرد یا کمپنی کے ذاتی بینک اکائونٹ میں براہ راست ادائیگی کی صورت میں عازم حج خود ذمہ دار ہوگا اور وزارت کی جانب سے فراہم کردہ تحفظ اور داد رسی کے طریقہ کار سے استفادہ نہیں کر سکے گا۔








