ایگزیکٹو ڈائریکٹر محبوب عالم چوہدری کی ہدایت پر پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد ڈویژن کے زیر اہتمام مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علموں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے ”کڈز آرٹ ایگزیبیشن“ کا انعقاد کیا گیا
پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد ڈویژن کے زیر اہتمام”کڈزآرٹ ایگزیبیشن“ کا انعقاد

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 11 ستمبر (اے پی پی):ایگزیکٹو ڈائریکٹر محبوب عالم چوہدری کی ہدایت پر پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد ڈویژن کے زیر اہتمام مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علموں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے ”کڈز آرٹ ایگزیبیشن“ کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش میں مختلف تعلیمی اداروں کے بچوں کی جانب سے تیار کردہ خوبصورت اور تخلیقی پینٹنگز آویزاں کی گئیں۔نمائش کا بنیادی مقصد کم عمر بچوں کے اندر موجود فنکارانہ صلاحیتوں کو سامنے لانا، ان کے تخلیقی کام کو سراہنا اور انہیں آرٹ کے شعبے میں مزید آگے بڑھنے کے لئے حوصلہ فراہم کرنا تھا۔ مختلف موضوعات پر بنائی گئی بچوں کی پینٹنگز نے نمائش میں آنے والے شائقین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔نمائش کا افتتاح سینئر آرٹسٹ سلیم انصاری نے کیا۔ انہوں نے بچوں کے فن پاروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ بچوں کی حوصلہ افزائی سے ان کے اندر اپنے فن کو مزید بہتر بنانے اور مستقبل میں اس شعبے کو بطور کیریئر اپنانے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔اس موقع پر پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد ڈویژن کی جانب سے کہا گیا کہ بچوں کے فن اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے ایسی سرگرمیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ نئی نسل کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بہتر اور مثبت پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔








