آئی سی سی آئی وفد کی وزیر مملکت برائے داخلہ سے ملاقات، حکومت کاروبار دوست اپروچ پر یقین رکھتی ہے، طلال چوہدری
آئی سی سی آئی وفد کی وزیر مملکت برائے داخلہ سے ملاقات، حکومت کاروبار دوست اپروچ پر یقین رکھتی ہے، طلال چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں وفد نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کی اور دارالحکومت میں کمرشل پلازوں کی سیلنگ، سی ڈی اے کے ریگولیٹری معاملات، فلور ایریا ریشو (FAR) چارجز، پارکنگ کی شرائط اور دیگر کاروباری مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
آئی سی سی آئی کے اعلامیہ کے مطابق وفد نے وزیر مملکت کو پمز نرسری میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعہ کے بعد کمرشل پلازوں کی سیلنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تاجر برادری کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ آئی سی سی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ فائر سیفٹی اور عوامی تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے تاہم کارروائی سے قبل کاروباری اداروں کو متعلقہ حفاظتی نقائص اور مطلوبہ اقدامات سے واضح طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ضروری اصلاحات کی جا سکیں۔
وفد نے اس امر پر بھی زور دیا کہ فلور ایریا ریشو (ایف اے آر )چارجز، پارکنگ ریکوائرمنٹس اور دیگر سی ڈی اے معاملات میں پالیسی کی وضاحت اور یکساں نفاذ ضروری ہے تاکہ کاروباری برادری کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ تاجر برادری سے متعلق تمام معاملات کو آئی سی سی آئی کے ذریعے ون ونڈو بنیاد پر متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا اور فالو اَپ کیا جائے گا جس سے مسائل کی نشاندہی، متعلقہ اداروں تک رسائی اور ان کے حل کے عمل میں بہتری آئے گی۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لئے کاروبار دوست اپروچ پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور اس کے جائز مسائل کو متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے کے ذریعے حل کیا جائے گا۔صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے کہا کہ تاجر برادری قوانین اور سیفٹی سٹینڈرڈز پر عملدرآمد کی حامی ہے تاہم ریگولیٹری نظام ایسا ہونا چاہئے جو کاروبار کو سہولت دے، واضح رہنمائی فراہم کرے اور غیر ضروری رکاوٹوں سے بچائے۔
سردار طاہر محمود نے وزیر مملکت کے مثبت ردعمل کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ طے شدہ ون ونڈو رابطہ کاری کے نتیجے میں سیلنگ اور دیگر سی ڈی اے سے متعلق مسائل کے حل میں تیزی آئے گی۔وفد میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری، سابق صدر محمد اعجاز عباسی، ایگزیکٹو ممبر عمران منہاس اور سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری بھی شامل تھے۔








