ملازمین کی استعدادِ کار اور کیریئر ڈویلپمنٹ کے لیے تربیتی پروگرامز جاری ہیں، میپکو

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے کہا ہے کہ ملازمین کی استعدادِ کار اور کیریئر ڈویلپمنٹ کے لیے تربیتی پروگرامز جاری ہیں۔

ملتان۔ 11 ستمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے کہا ہے کہ ملازمین کی استعدادِ کار اور کیریئر ڈویلپمنٹ کے لیے تربیتی پروگرامز جاری ہیں۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران و ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔وہ میپکو ہیڈکوارٹر میں ہیومن ریسورسز اینڈ ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام افسران کے اعزاز میں تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ترقی اور کیریئر ڈویلپمنٹ میں میرٹ، کارکردگی اور قواعد و ضوابط کو بنیادی اہمیت حاصل ہوگی۔چیف ہیومن ریسورس اینڈ کیریئر پلاننگ آفیسر میاں محمد سہیل افضل نے کہا کہ مصنوعی ذہانت جدید دفتری امور کا اہم حصہ بن چکی ہے، اس لیے میپکو افسران کو اے آئی ٹولز کے مؤثر استعمال کی تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی فائل ورک، رپورٹس، ڈیٹا اینالیسس اور پریزنٹیشنز سمیت مختلف دفتری امور کو زیادہ مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔تقریب میں مختلف افسران کو تعریفی اسناد دی گئیں۔ اس موقع پر چیف فنانشل آفیسر میاں انصار محمود، جنرل منیجر ٹیکنیکل ملک اشفاق احمد، جنرل منیجر آپریشن محمد اکرم سیال، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز جمشید نیازی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں