پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور نیشنل پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جمعہ کے روز لندن کے تاریخی لیمبتھ پیلس کے گریٹ ہال میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں ’’دی ہیوبرٹ والٹر ایوارڈ فار ریکنسیلی ایشن اینڈ انٹرفیتھ کوآپریشن 2026‘‘ حاصل کیا
علامہ طاہر اشرفی نے ہیوبرٹ والٹر ایوارڈ فار ریکنسیلی ایشن اینڈ انٹرفیتھ کوآپریشن 2026 حاصل کرلیا

مزید خبریں
لندن۔11ستمبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور نیشنل پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جمعہ کے روز لندن کے تاریخی لیمبتھ پیلس کے گریٹ ہال میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں ’’دی ہیوبرٹ والٹر ایوارڈ فار ریکنسیلی ایشن اینڈ انٹرفیتھ کوآپریشن 2026‘‘ حاصل کیا۔یہ ایوارڈ آرچ بشپ آف کینٹربری سارہ مُلالی نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو امن، مفاہمت، اعتدال، بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی، اقلیتوں کے حقوق، پُرامن بقائے باہمی اور انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف ان کے مسلسل اور دہائیوں پر محیط کردار کے اعتراف میں پیش کیا۔ہیوبَرٹ والٹر ایوارڈ لیمبتھ ایوارڈز میں شامل ایک اہم ایوارڈ ہے، جو آرچ بشپ آف کینٹربری کی جانب سے مفاہمت اور بین المذاہب تعاون کے لیے نمایاں خدمات کا اعتراف کرنے کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔آرچ بشپ آف کینٹربری کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق حافظ محمد طاہر محمود اشرفی رواں سال لیمبتھ ایوارڈز کی پانچ مختلف کیٹیگریز میں نمایاں خدمات کے اعتراف کے لیے منتخب کیے جانے والے اہم شخصیات میں شامل ہیں اور انہیں دی ہیوبرٹ والٹر ایوارڈ فار ریکنسیلی ایشن اینڈ انٹرفیتھ کوآپریشن پیش کیا گیا۔یہ ایوارڈ امن سازی، مذہبی سفارت کاری اور مکالمے کے میدان میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی طویل عرصے سے جاری خدمات کا ایک اہم بین الاقوامی اعتراف ہے۔ وہ کئی دہائیوں سے مذہبی اور مسلکی برادریوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی احترام کو فروغ دینے، اقلیتوں اور کمزور طبقات کے حقوق کے دفاع، پُرامن بقائے باہمی کی حمایت اور اس مقصد کے لیے فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں، جبکہ وہ اپنی دینی وابستگی اور اسلامی شناخت پر بھی مضبوطی سے قائم ہیں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اس سے قبل آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (OIC) گلوبل پیس ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں، جو انہیں امن، ہم آہنگی اور تعاون کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا تھا۔ OIC گلوبل پیس ایوارڈ اور ہیوبرٹ والٹر ایوارڈ دو الگ الگ بین الاقوامی ایوارڈز ہیں، جو مسلم دنیا اور وسیع تر عالمی برادری میں ان کی خدمات کے اعتراف کی عکاسی کرتے ہیں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا سفر پاکستان سے مکہ مکرمہ اور مکہ مکرمہ سے دنیا کے وسیع تر افق تک پھیلا ہوا ہے، جہاں وہ امن، اعتدال، اخوت، رواداری اور مکالمے کا پیغام پیش کرتے رہے ہیں، مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرتے رہے ہیں اور مذہبی نفرت، انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف مضبوط اور واضح مؤقف اختیار کرتے رہے ہیں۔یہ بین الاقوامی ایوارڈز پاکستان اور پوری مسلم دنیا کے لیے بھی باعثِ فخر ہیں، کیونکہ ان کے ذریعے مذہبی ہم آہنگی، اعتدال، مکالمے اور پُرامن بقائے باہمی کے پیغام کو عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا ہے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی مسلم ورلڈ لیگ کی سپریم کونسل کے رکن، انٹرنیشنل تنظیمِ حرمین شریفین کونسل کے سیکریٹری جنرل اور انٹرنیشنل مسلم فورم کے رکن بھی ہیں، جبکہ وہ متعدد بین الاقوامی اسلامی اور بین المذاہب تنظیموں کے ساتھ بھی وابستہ ہیں۔








