ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے تونسہ پن بجلی منصوبے کا طویل عرصے سے زیر التواء معاملہ حل

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے پنجاب میں 135 میگاواٹ تونسہ پن بجلی منصوبے کے فزیبلٹی سٹڈی اخراجات کی ادائیگی سے متعلق ایک دہائی سے زیر التواء معاملے کو کامیابی سے حل کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے پنجاب میں 135 میگاواٹ تونسہ پن بجلی منصوبے کے فزیبلٹی سٹڈی اخراجات کی ادائیگی سے متعلق ایک دہائی سے زیر التواء معاملے کو کامیابی سے حل کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے اعلیٰ سطحی سہولت کاری کے موثر پلیٹ فارم کے طور پر ایس آئی ایف سی کی کارکردگی کا ایک اور عملی مظہر ہے۔چائنا تھری گورجز سائوتھ ایشیا انویسٹمنٹ لمیٹڈ (سی ایس اے آئی ایل) نے معاملے کے کامیاب حل میں ایس آئی ایف سی کی غیر معمولی معاونت، فعال کردار اور مؤثر سہولت کاری کو سراہتے ہوئے کونسل سے گہری قدر دانی اور تشکر کا اظہار کیا ہے۔سی ایس اے آئی ایل نے اپنے خط تحسین میں متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان ایس آئی ایف سی کی فعال شمولیت اور موثر رابطہ کاری کو خصوصی طور پر سراہا جس کے نتیجے میں ایک طویل عرصے سے زیرِ التوا معاملے کو نئی پیش رفت ملی اور اسے کامیاب انجام تک پہنچانے میں مدد ملی۔اس پیش رفت سے حکومت پنجاب کے متعلقہ فیصلوں پر عملدرآمد کی راہ بھی ہموار ہوئی ہے جو طویل عرصے سے زیرِ التوا معاملے کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔سی ایس اے آئی ایل نے متعلقہ حکومتی اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری اور تعمیری روابط کے فروغ میں ایس آئی ایف سی کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے اعلیٰ سطحی سہولت کاری کے پلیٹ فارم کے طور پر اہم قرار دیا۔ کمپنی کے مطابق ایس آئی ایف سی نے متعلقہ اداروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لا کر پیچیدہ اور دیرینہ سرمایہ کاری سے متعلق معاملات کے حل میں موثر کردار ادا کیا۔کمپنی نے مزید قرار دیا کہ ایس آئی ایف سی کی ادارہ جاتی رابطہ کاری اور بروقت ردعمل نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جبکہ یہ پیش رفت اس امر کی بھی عکاس ہے کہ طویل عرصے سے زیر التواء جائز معاہداتی معاملات کو مربوط ادارہ جاتی رابطہ کاری کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔تونسہ پن بجلی منصوبے سے متعلق معاملے کا کامیاب حل پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی و تزویراتی شراکت داری کے تناظر میں بھی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ پیش رفت چینی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور ان کے جائز سرمایہ کاری سے متعلق مسائل کے حل کے لیے پاکستان کے عزم پر اعتماد کو مزید تقویت دیتی ہے۔تونسہ پن بجلی منصوبے کے معاملے میں ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری اس کے وسیع تر کردار کی عکاس ہے جس کے تحت سرمایہ کاروں کو متعلقہ حکومتی اداروں سے مربوط کرنا، سرمایہ کاری سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرنا اور معاملات پر موثر اور مربوط پیش رفت یقینی بنانا شامل ہے۔یہ کامیابی ایس آئی ایف سی کے اس عزم کو مزید اجاگر کرتی ہے کہ پاکستان میں مستحکم، موثر اور سرمایہ کار دوست ماحول کو فروغ دیا جائے، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط بنایا جائے اور ملک کی وسیع تر اقتصادی و تزویراتی شراکت داریوں کو مزید مستحکم کیا جائے۔

مزید خبریں