پاکستان میں ہونے والی آئندہ انٹرنیشنل کرکٹ سیریز اور ٹورنامنٹ کی کوریج کے لیے میڈیا ایکریڈیٹیشن کا عمل شروع ہوگیا ہے
پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ: میڈیا ایکریڈیٹیشن کا عمل شروع، درخواستوں کی آخری تاریخ 18 ستمبر مقرر

مزید خبریں
لاہور۔11ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں ہونے والی آئندہ انٹرنیشنل کرکٹ سیریز اور ٹورنامنٹ کی کوریج کے لیے میڈیا ایکریڈیٹیشن کا عمل شروع ہوگیا ہے،میڈیا نمائندگان 18 ستمبر بروز جمعہ شام 5 بجے تک آن لائن درخواستیں جمع کراسکیں گے، مقررہ وقت کے بعد موصول ہونے والی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے پورٹل پر پہلے سے رجسٹرڈ میڈیا نمائندگان آئندہ انٹرنیشنل میچز کے لیے اپنی پسند کے میچز منتخب کرسکیں گے، جو میڈیا نمائندگان ایکریڈیٹیشن کے لیے درخواست نہیں دیں گے، انہیں آئندہ میچز کے لیے ایکریڈیٹیشن نہیں دی جائے گی۔پریس باکس میں نشستوں کی محدود گنجائش کے باعث میچ کے میزبان شہر کے مقامی صحافیوں کو ترجیح دی جائے گی جبکہ یوٹیوبرز، وی لاگرز، بلاگرز اور ابھرتی ہوئی ویب سائٹس کے نمائندگان کو پریس باکس میں جگہ دستیاب ہونے کی صورت میں ایکریڈیٹیشن دی جائے گی۔فوٹو جرنلسٹس کے لیے بھی ضروری آلات کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے، صرف وہی فوٹوگرافرز ایکریڈیٹیشن کے لیے زیر غور آئیں گے جن کے پاس کم از کم 400 ملی میٹر لینز موجود ہوگا۔ میڈیا نمائندگان کو ایکریڈیٹیشن کے لیے جاری کردہ شرائط و ضوابط کا بغور جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان اکتوبر اور نومبر میں سری لنکا اور انگلینڈ کی میزبانی کرے گا۔سری لنکا کی ٹیم 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، جس کے بعد پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہوگی۔ٹرائی سیریز کا پہلا میچ 18 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں، دوسرا میچ 20 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں، تیسرا میچ 22 اکتوبر کو سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں ہوگا۔25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا جبکہ 29 اکتوبر کو سری لنکا اور انگلینڈ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل ہوں گے۔ ٹرائی سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔سری لنکا کا دور پاکستان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل ہوگا جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ اس سے قبل 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد میں تین روزہ میچ بھی کھیلا جائے گا۔ پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔







