زوہیب خان نیازی وزیراعظم یوتھ پروگرام میں نوجوانوں کی معاشی خودمختاری اور مالی شمولیت کے فوکل پرسن مقرر

معروف نوجوان سماجی کارکن اور کاروباری شخصیت زوہیب خان نیازی کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی معاشی خودمختاری اور مالی شمولیت کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):معروف نوجوان سماجی کارکن اور کاروباری شخصیت زوہیب خان نیازی کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی معاشی خودمختاری اور مالی شمولیت کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔ زوہیب خان نیازی کی نامزدگی پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، مالی شمولیت کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے معاشی و مالی مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اعتراف ہے۔اپنے نئے کردار میں زوہیب خان نیازی ایسی سرگرمیوں اور اقدامات میں معاونت کریں گے جن کا مقصد نوجوانوں کے لیے معاشی مواقع میں اضافہ، مالیاتی شعور اور شمولیت کا فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے، تاکہ پاکستان کی نوجوان نسل ملکی ترقی میں زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زوہیب خان نیازی نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی جانب سے اعتماد کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ایک مضبوط، خود انحصار اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے معاشی مواقع، مالی شمولیت اور بااختیار بنانے کے فروغ کے لیے غیر جانب دارانہ اور مثبت انداز میں کام کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔مختلف حلقوں نے زوہیب خان نیازی کی نامزدگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ نوجوانوں کی ترقی کے لیے اپنے تجربے اور دیرینہ وابستگی کو بروئے کار لاتے ہوئے اس اہم ذمہ داری میں مؤثر کردار ادا کریں گے