وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی سے آزادکشمیر بھر سے آئے ہوئے وفود نے ملاقاتیں کیں اور وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی
وزیراعظم آزاد کشمیر سے آزادکشمیر بھر سے آئے وفود کی ملاقاتیں ، منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی

مزید خبریں
مظفر آباد۔ 13 ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی سے آزادکشمیر بھر سے آئے ہوئے وفود نے ملاقاتیں کیں اور وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر عوامی مسائل ، انکے حل اور ترقیاتی ترجیحات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر سے وزیر صحت ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی، سابق وزراء چوہدری محمد سعید، سردار فاروق احمد طاہر، سردار عامر الطاف، سینئر قانون دان سابق جج راجہ سجاد احمد خان اور سابق مشیر نسیم سرفراز سمیت دیگر عوامی وفود نے ملاقات کی۔ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عام شہری کو ریلیف فراہم کرنا، بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا اور آزادکشمیر کے تمام علاقوں کو بلاامتیاز ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کو محض فائلوں تک محدود رکھنے کے بجائے ان کے عملی حل پر یقین رکھتی ہے اور متعلقہ محکموں کو عوامی شکایات کے ازالے کے لیے متحرک کیا جائے گا، حکومت آزادکشمیر کی فاسٹ ٹریک ترقی کیلئے اصلاحاتی پلان لیکر آرہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت دستیاب وسائل کو عوامی فلاح کے لیے بروئے کار لانے، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت پیدا کرنے اور ایسے منصوبوں کو ترجیح دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جن کے ثمرات جلد اور براہِ راست عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ خواتین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کی ترقی میں خواتین کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، خواتین کو تعلیم، روزگار، ہنرمندی، کاروبار اور فیصلہ سازی کے عمل میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے بغیر معاشرے کی مکمل ترقی ممکن نہیں۔








