فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے برلن میں جرمنی کے ممتاز تعلیمی، تحقیقی اور ٹیکنالوجی اداروں کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کے فروغ کے لیے اہم ملاقاتیں کی ہیں جن میں فیکلٹی و طلبہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، یونیورسٹی انڈسٹری روابط، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
وائس چانسلر فاطمہ جناح یونیورسٹی کی جرمن تعلیمی و ٹیکنالوجی اداروں کے افسران سے اہم ملاقاتیں

مزید خبریں
راولپنڈی۔13ستمبر (اے پی پی):فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے برلن میں جرمنی کے ممتاز تعلیمی، تحقیقی اور ٹیکنالوجی اداروں کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کے فروغ کے لیے اہم ملاقاتیں کی ہیں جن میں فیکلٹی و طلبہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، یونیورسٹی انڈسٹری روابط، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دورے کے دوران وائس چانسلر نے برلن اسکول آف اکنامکس اینڈ لاء کی وائس پریذیڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر سلکے بوسٹامنٹے سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں جامعات کے درمیان باضابطہ دوطرفہ ادارہ جاتی روابط قائم کرنے، فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے کے پروگرام شروع کرنے اور عالمی اقتصادی و انتظامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ بین الاقوامی تعلیمی روابط کو محض تدریسی تعاون تک محدود رکھنے کے بجائے تحقیق، علمی تبادلے اور طلبہ کی پیشہ وارانہ استعداد میں اضافے کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ دونوں اداروں کے طلبہ اور اساتذہ عالمی تعلیمی و تحقیقی ماحول سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔وائس چانسلر نے ٹیکنالوجی کی منتقلی، تحقیق کو عملی شکل دینے اور اختراعی منصوبوں کی کمرشلائزیشن کے حوالے سے ٹیکنالوجی پارک ایڈلرشوف کا بھی دورہ کیا۔ یہ مرکز سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کے شعبوں میں یورپ کے نمایاں کلسٹرز میں شمار ہوتا ہے، جہاں جامعات، تحقیقی ادارے، ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس اور صنعتی شعبہ باہمی تعاون سے کام کرتے ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے ٹیکنالوجی پارک ایڈلرشوف میں تعلیمی تحقیق کو صنعتی ضروریات، ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس اور کاروباری سرگرمیوں سے مربوط کرنے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ اس ماڈل سے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں تحقیق، جدت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور انٹرپرینیورشپ کے پروگرامز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر کا دورہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے عالمی تعلیمی روابط کو وسعت دینے اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کی جامع حکمت عملی کا حصہ ہے۔ یونیورسٹی بین الاقوامی بہترین طریقہ کار کو اپنے تعلیمی و تحقیقی نظام میں شامل کرنے اور فیکلٹی، محققین اور طلبہ کے لیے عالمی سطح پر نئے علمی و پیشہ ورانہ مواقع پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ترجمان نے کہا کہ جرمن تعلیمی و ٹیکنالوجی اداروں کے ساتھ روابط کے نتیجے میں مشترکہ تحقیق، علمی تبادلے، اختراعی منصوبوں اور یونیورسٹی انڈسٹری تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے، جو بالخصوص طلبہ کو جدید علمی و ٹیکنالوجی کے رجحانات سے ہم آہنگ کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔








