وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور ریوائیٹلائزیشن پلان کے تحت شہر کی اہم شاہراہوں کی اپ گریڈیشن اور پشتخرہ انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور ریوائیٹلائزیشن پلان کا سنگ بنیاد رکھ دیا

مزید خبریں
پشاور۔ 13 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور ریوائیٹلائزیشن پلان کے تحت شہر کی اہم شاہراہوں کی اپ گریڈیشن اور پشتخرہ انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔منصوبے کے فیز ون میں پشاور کی 19 اہم شاہراہوں اور روٹس کی اپ گریڈیشن، تزئین و آرائش اور بہتری شامل ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ پشاور خیبرپختونخوا کا دل اور ہماری تاریخی شناخت ہے، اس کی بحالی اور خوبصورتی ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ پشاور ریوائیٹلائزیشن پلان کا مقصد صرف سڑکوں کی تعمیر و مرمت نہیں بلکہ شہر کے بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں کی اپ گریڈیشن سے ٹریفک کے نظام میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ پشاور کی ترقی کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں میں معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پشاور ریوائیٹلائزیشن پلان کے تحت سڑکوں کی اپ گریڈیشن کا فیز ون 7.2 ارب روپے کی مجموعی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ فیز ون اے میں 9 جبکہ فیز ون بی میں 7 اہم سڑکیں اور روٹس شامل ہیں۔ فیز ون اے میں باچا خان چوک تا پجگی رنگ روڈ، دلازاک روڈ، باچا خان چوک تا ناردرن بائی پاس روڈ، اشرف روڈ تا سرکلر روڈ، ہشت نگری روڈ اور فقیر آباد روڈ شامل ہیں ۔خیبر بازار تا کوہاٹ روڈ (رامداس)، سنیما روڈ، ایل آر ایچ روڈ، رامداس چوک تا جی ٹی روڈ اور لاہور چوک تا انعام صنم چوک بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔ فیز ون بی میں کوہاٹ روڈ تا باڑہ پل، یونیورسٹی روڈ تا کینال روڈ، باڑہ روڈ تا سفیون چوک، سواتی پھاٹک روڈ تا رنگ روڈ اور رنگ روڈ اچینی تا یونیورسٹی روڈ (اسپن جماعت) شامل ہیں۔ اسکے علاوہ حیات آباد کے داخلی راستوں، اہم شاہراہوں اور باؤنڈری وال کی بہتری بھی شامل ہے۔







