سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری مہم کے تحت کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں
سوئی گیس ٹاسک فورس کی کارروائیاں، گیس چوری اور غیر قانونی استعمال پر 30 میٹر منقطع

مزید خبریں
ملتان۔13 ستمبر (اے پی پی):سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری مہم کے تحت کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ حالیہ اور ہفتہ وار کارروائیوں کے مجموعی اعداد و شمار کے مطابق ملتان کے مختلف علاقوں میں اب تک 440 مقامات کی تلاشی اور چیکنگ کی گئی جس کے نتیجے میں قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 30 میٹرز منقطع کر دیے گئے۔کارروائیوں کے دوران سامنے آنے والی خلاف ورزیوں میں غیر قانونی کمپریسر کے استعمال پر 11 میٹرز (سابقہ 9 اور حالیہ 2) منقطع کیے گئے جبکہ 6 مقامات پر غیر قانونی ایکسٹینشنز کو ختم کیا گیا۔ اس کے علاوہ 4 میٹرز الٹا لگانے پر کاٹے گئے، 3 میٹرز تجارتی استعمال، 2 غیر قانونی شفٹنگ، 2 صارفین کی اپنی درخواست، 1 سروس سے دور ہونے کی وجہ سے منقطع کیا گیا اور 1 کیس ڈائریکٹ گیس استعمال کا پایا گیا۔ یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس کے حکام کے مطابق ان مسلسل اقدامات کا بنیادی مقصد گیس چوری کا خاتمہ، سسٹم میں پریشر کی بحالی، عوامی شکایات کا بر وقت ازالہ اور عام صارفین کو بلا تعطل و محفوظ سپلائی یقینی بنانا ہے اس موقع پر جنرل منیجر سوئی گیس ملتان نے صارفین کی جان و مال کی حفاظت کو ادارے کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے اہم حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گیس استعمال کرنے سے قبل لازمی تسلی کر لیں کہ کہیں گیس کی بو تو محسوس نہیں ہو رہی؛ اگر کسی بھی قسم کا اخراج یا بو محسوس ہو تو فوری طور پر تمام کھڑکیاں اور دروازے کھول دیں اور بجلی یا گیس سے چلنے والا کوئی بھی آلہ آن نہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گیس چوری اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلا امتیاز اور سخت قانونی کارروائیاں مستقبل میں بھی بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ تمام صارفین کو محفوظ اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔







