شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے کی کونسل کا 46واں اجلاس ، کشیدگی میں کمی، امن کے قیام اور خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کی کوششوں کی حمایت
شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے کی کونسل کا 46واں اجلاس ، کشیدگی میں کمی، امن کے قیام اور خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کی کوششوں کی حمایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کے علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے کی کونسل نے ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے اپنے مؤقف کی توثیق کی ہے اور کشیدگی میں کمی، امن کے قیام اور خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کی کوششوں کی حمایت بھی کی ہے۔ پیر کو ترجمان دفتر خارجہ سےجاری بیان کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کے علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے کی کونسل کا 46واں اجلاس یہاں منعقد ہوا جس کی صدارت پاکستان نے کی۔ اجلاس میں پاکستان سمیت بیلاروس، بھارت، ایران، قازقستان، چین، کرغزستان، روسی فیڈریشن، تاجکستان اور ازبکستان کے متعلقہ حکام کے وفود، ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ سٹرکچر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے کے شعبے میں بین الاقوامی ایجنڈے سے متعلق موجودہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ سٹرکچر کی کونسل نے ایران کے خلاف ہونے والے تازہ فوجی حملوں کی مذمت کی اور اس معاملے پر ایس سی او کی جانب سے پہلے سے ظاہر کئے گئے مؤقف کی توثیق کی اور ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کی المناک وفات پر ایرانی حکومت اور عوامِ جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کونسل نے ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے اپنے مؤقف کی توثیق کی۔ کونسل نے کشیدگی میں کمی، امن کے قیام اور خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کی کوششوں کی حمایت بھی کی۔ کونسل نے ایس سی او کے رکن ممالک کے متعلقہ حکام کے درمیان دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے خلاف تعاون میں رابطہ کاری سے متعلق ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ سٹرکچر کی کونسل کے پہلے سے منظور شدہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔
اس کے علاوہ ’’ برائی کی طاقتوں ‘‘ کے انسداد سے متعلق انتہائی اہم امور پر ایگزیکٹو کمیٹی اور ماہرین کے گروپوں کے ورک پلانز کی منظوری دی گئی۔ فریقین کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے معلوماتی ڈھانچے کے قیام اور اسے بہتر بنانے سے متعلق فیصلے بھی کئے گئے۔ یہ اتفاق کیا گیا کہ 2027 میں دہشت گردی کے انسداد کے شعبے میں ایک مشترکہ معلوماتی آپریشن، دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے مقاصد کے لئے انٹرنیٹ کے استعمال کی روک تھام کے حوالے سے ایک عملی سیمینار اور ایس سی او کے رکن ممالک کے متعلقہ حکام کی مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق منعقد کی جائے گی۔ اس مشق کا مقصد دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے مقاصد کے لئے انٹرنیٹ کے استعمال کی نشاندہی اور روک تھام ہوگا۔
دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے خلاف تعاون کے شعبے میں ایس سی او کے رکن ممالک اور ایس سی او کے ایک مبصر ملک کے درمیان تعاون سے متعلق تیرہویں بین الاقوامی سائنسی و عملی کانفرنس جمہوریہ قازقستان میں منعقد ہو گی۔ ایس سی او کے علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے کی ایگزیکٹو کمیٹی کی سرگرمیوں کے لئے انتظامی اور افرادی قوت سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔کمیٹی کی سرگرمیوں کی ترقی اور ایس سی کے رکن ممالک کے متعلقہ اداروں اور ایس سی او کے علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے کی ایگزیکٹو کمیٹی کے عہدیداران کے درمیان تعاون کے فروغ میں ذاتی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔








