تحفظ ماحولیات ایجنسی آزاد کشمیر نے مظفرآباد کی مانک پیٹیاں مہاجر بستی میں وبائی امراض پھیلنے کی بنیادی وجہ آلودہ پانی کا استعمال قرار دے دیا۔
مظفرآباد ،مانک پیٹیاں مہاجر بستی میں وبائی امراض کی بنیادی وجہ آلودہ پانی قرار

مزید خبریں
مظفرآباد۔ 14 ستمبر (اے پی پی):تحفظ ماحولیات ایجنسی آزاد کشمیر نے مظفرآباد کی مانک پیٹیاں مہاجر بستی میں وبائی امراض پھیلنے کی بنیادی وجہ آلودہ پانی کا استعمال قرار دے دیا۔ وزیر صحت آزاد کشمیر ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر کی ہدایات پر محکمہ تحفظ ماحولیات کی ٹیم نے متاثرہ مہاجر بستی میں پانی کے مختلف ذرائع سے نمونے حاصل کرکے جدید لیبارٹری میں ٹیسٹ کرائے، جن میں مضرِ صحت بیکٹیریا ٹوٹل کولی فارم (Total Coliform) کی آمیزش پائی گئی۔تحفظ ماحولیات ایجنسی کے مطابق مانک پیٹیاں مہاجر بستی میں پانی کے تین چشموں اور تین کنوؤں سے نمونے حاصل کیے گئے، جن کے لیبارٹری ٹیسٹ میں پانی کے آلودہ ہونے کی تصدیق ہوئی۔ ایجنسی کی جانب سے آلودہ پانی سے متعلق تفصیلی رپورٹ محکمہ صحت آزاد کشمیر کو ارسال کر دی گئی ہے تاکہ مزید ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات ایجنسی آزاد کشمیر شفیق عباسی کے مطابق مانک پیٹیاں مہاجر بستی میں پانی کے مختلف ذرائع، جن میں چشمے اور بور کیے گئے کنویں شامل ہیں، آلودگی کا شکار ہو چکے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو صحت کے حوالے سے خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور فی الحال پانی کو اچھی طرح ابالنے کے بعد استعمال کریں تاکہ پانی میں موجود مضرِ صحت جراثیم سے محفوظ رہا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے پانی کے ذرائع کی صفائی اور صورتحال کی مسلسل نگرانی ضروری ہے








