فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے)کے زیر اہتمام سیکٹر جی-13 اور جی-14 کے کمرشل پلاٹس کی دو روزہ نیلامی 15 ستمبر سے شروع ہوگی جس کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے
سیکٹر جی-13، جی-14 کے کمرشل پلاٹس کی دو روزہ نیلامی 15 ستمبر سے شروع ہوگی

مزید خبریں
اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے)کے زیر اہتمام سیکٹر جی-13 اور جی-14 کے کمرشل پلاٹس کی دو روزہ نیلامی 15 ستمبر سے شروع ہوگی جس کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ ترجمان ایف جی ای ایچ اے نے بتایا ہے کہ نیلامی انتظامی کمیٹی نے شفاف اور منظم طریقہ کار کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ نیلامی کے حوالے سے متعلقہ شعبوں کی ذمہ داریوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے جبکہ کمرشل پلاٹس میں سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیکٹر جی-13 اور جی-14 کے اہم اور تزویراتی مقامات پر واقع کمرشل پلاٹس سرمایہ کاروں، کاروباری افراد، ڈویلپرز اور کمرشل جائیداد میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو پیش کیے جائیں گے۔ترجمان نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ایف جی ای ایچ اے کی جانب سے لچکدار ادائیگی کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں جن کے تحت بقایا رقم دو سال کے دوران آسان اقساط میں ادا کی جا سکے گی جبکہ یکمشت ادائیگی کی صورت میں 10 فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کار ابتدائی طور پر 25 فیصد رقم ادا کرنے کے بعد باقی رقم آسان اقساط میں ادا کرنے کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ترجمان نے جی-13 اور جی-14 کی اہم جغرافیائی و تزویراتی حیثیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں سیکٹرز اہم شاہراہوں اور میٹرو بس نظام سے منسلک ہیں۔ یہ علاقے ایم-1 اور ایم-2 موٹرویز سے تقریباً 8 کلومیٹر جبکہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں۔انہوں نے اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں، کاروباری افراد اور ڈویلپرز کو نیلامی میں شرکت کی دعوت دی۔ایف جی ای ایچ اے کے مطابق نیلامی دونوں روز صبح 10 بجے اورا گرینڈ، مارگلہ انکلیو، مین مارگلہ روڈ ای-11 اسلام آباد میں ہوگی۔ نیلامی 16 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگی۔








