خیبر پختونخوا حکومت کا بونیر میں عوامی خدمت و سہولت کیلئے دارالامانکا افتتاح
خیبر پختونخوا حکومت کا بونیر میں عوامی خدمت و سہولت کیلئے دارالامانکا افتتاح

مزید خبریں
پشاور۔ 14 ستمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نار کوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے پیر کے روز تحصیل گا گرہ پی کے 26ضلع بونیر میں سماجی شعبے کی ترقی و تحفظ کیلئے صوبائی حکومت کے اہم ترقیاتی منصوبے ”دارالامان” کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ یہ منصوبہ معاشرے کے کمزورطبقات بالخصوص بے سہارا، مظلوم اور مشکلات کے شکار خواتین کو باعزت،محفوظ، اور بنیادی سہولیات سے اراستہ شیلٹر اور قانونی معاونت و سماجی بحالی کیلئے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔دارالامان کے منصوبے کا قیام محکمہ سماجی بہبود وترقی خواتین کے تحت عمل میں لایا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر کنڈی،اسسٹنٹ کمشنر گاگرہ بن یامین، ڈسٹرکٹ افیسر محکمہ سوشل ویلفیئر سریر خان،تحصیل میونسپل افیسر گاگرہ امیر عالم خان، عمائدین علاقہ، پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداروں اور کارکنان سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوامی فلاح، سماجی تحفظ اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبے میں ایسے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جو عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی لائیں اور محروم طبقات کو سہارا فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ دارالامان کا قیام صرف ایک عمارت کی تعمیر نہیں بلکہ یہ ایک محفوظ، باوقار اور باعزت زندگی کی جانب ایک اہم قدم ہے اور حکومت کا مقصد اپنے عوام اور معاشرے کے تمام طبقات کا سماجی تحفظ یقینی بنانا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ایسے اداروں کو مضبوط بنانا ہے جہاں ضرورت مند اور بے سہاراخواتین کو تحفظ، عزت اور معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔سید فخر جہان نے کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ، انہیں محفوظ ماحول کی فراہمی اور ضروری سہولیات تک رسائی یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔دارالامان میں رہائش کے ساتھ ساتھ بے سہاراخواتین کو ہر ممکن خدمات، رہنمائی، نفسیاتی معاونت اور بحالی کے اقدامات بھی فراہم کیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بونیر میں ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات میسر آسکیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور سماجی ترقی کے دیگر تمام شعبوں میں دیرپا منصوبوں کے ذریعے ضلع بونیر اور خصوصی طور پر پی کے 26 بونیر کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر رہےہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیح عوامی مسائل کا حل، اداروں کی بہتری اور ایسے منصوبوں کا فروغ ہے جو معاشرے میں انصاف، تحفظ اور پائیدار ترقی کے زریعے عوام کی خوشحالی و اسودگی کو یقینی بنائیں۔
انھوں نے کہا کہ ایک مضبوط معاشرہ وہی ہوتا ہے جہاں کمزور طبقوں کو تحفظ، عزت اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں اور دارالامان جیسے منصوبے حکومت کے اسی عوامی خدمت کے وژن کی عملی تصویر ہیں۔بعد ازاں، صوبائی وزیر نے دارالامان کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں پردستیاب سہولیات کا جائزہ لیکر متعلقہ حکام کو ادارے کے مؤثر انتظام اور بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔








