ایف ڈی اے کے زیرِ کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے
ایف ڈی اے اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کا تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 14 ستمبر (اے پی پی):ایف ڈی اے کے زیرِ کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے گلفشاں کالونی جھنگ روڈ کے مختلف بازاروں میں قائم تجاوزات کا صفایا کرکے سڑکوں اور عوامی گزرگاہوں کو کلیئر کرا دیا۔ آپریشن کے دوران تجاوزات قائم کرنے کے لیے استعمال ہونے والا کاروباری سامان قبضہ میں لے لیا گیا جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب 21 دکانداروں کے چالان مرتب کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے متعلقہ افسران کو گلفشاں کالونی میں تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ ان کے احکامات پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ-I جنید حسن منج کی زیرِ نگرانی، اسٹیٹ آفیسر فاران ہاشمی کی سربراہی میں انفورسمنٹ انسپکٹر اسلم انصاری اور دیگر متعلقہ سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گلفشاں کالونی کے مختلف بازاروں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انسپکشن کے دوران انکشاف ہوا کہ بعض دکانداروں، پھل فروشوں، فوڈ سٹالز، ناشتہ پوائنٹس اور دیگر کاروباری افراد نے اپنی دکانوں اور کاروباری مقامات کی مقررہ حدود سے باہر سامان، میزیں، کرسیاں، ٹھیلے اور دیگر اشیاء رکھ کر سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قبضہ کر رکھا تھا، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا تھا اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی تھی۔ ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر رکھی گئی اشیاء اور تجاوزات کو ہٹا دیا اور سڑکوں و گزرگاہوں کو عام شہریوں کے لیے بحال کرادیا۔ ٹیم نے تجاوزات کے لیے استعمال ہونے والا مختلف کاروباری سامان بھی قبضہ میں لے لیا جبکہ متعلقہ دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کے چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں ارسال کر دیئے گئے۔اس موقع پر ایف ڈی اے حکام نے واضح کیا کہ رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر کسی بھی صورت تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دکاندار اور دیگر کاروباری افراد اپنے کاروبار کو مقررہ حدود تک محدود رکھیں اور شہریوں کے آزادانہ گزرنے میں رکاوٹ پیدا کرنے سے گریز کریں۔ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








