بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں شعبہ تعلیم اور بین الاقوامی ادارہ اسلامی معاشیات کے نئے داخل ہونے والے طلبہ کیلئے تعارفی نشست کا انعقاد

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں شعبہ تعلیم اور بین الاقوامی ادارہ اسلامی معاشیات کے نئے داخل ہونے والے طلبہ کیلئے تعارفی نشست کا انعقاد کیا گیا۔

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں شعبہ تعلیم اور بین الاقوامی ادارہ اسلامی معاشیات کے نئے داخل ہونے والے طلبہ کیلئے تعارفی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز (ایم) کے زیر اہتمام منعقدہ نشست میں نئے طلبہ کو یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول، قواعد و ضوابط، انتظامی امور، طلبہ کیلئے دستیاب سہولیات اور غیر نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔نشست کا آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز (ایم) کے سٹوڈنٹ ایڈوائزر ڈاکٹر غفران احمد نے طلبہ کو یونیورسٹی کی پالیسیوں، تعلیمی ذمہ داریوں، نظم و ضبط اور انتظامی امور سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں، سوسائٹیز، کلبز اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں تاکہ ابلاغ، قیادت اور ٹیم ورک جیسی صلاحیتیں اجاگر ہوسکیں۔ بین الاقوامی ادارہ اسلامی معاشیات کی جانب سے ڈاکٹر معراج نے اعلیٰ تعلیم میں عزم، مستقل مزاجی اور علمی جستجو کی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر زینب جہاں نے نئے طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں تعلیم، تحقیق اور سیکھنے کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کی تلقین کی۔ فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ڈاکٹر ظفر اقبال چوہدری نے طلبہ کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے حوالے سے رہنمائی کی۔ ڈاکٹر محمد ناصر نے بھی خطاب کیا اور تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ بعد ازاں طلبہ کو یونیورسٹی کے ایکٹیویٹی سینٹر کا دورہ کرایا گیا جہاں انہیں انڈور کھیلوں کی سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔ تعارفی نشست کا مقصد نئے طلبہ کو یونیورسٹی کے تعلیمی، انتظامی اور غیر نصابی ماحول سے روشناس کرانا اور دستیاب سہولیات سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دینا تھا۔

مزید خبریں